منڈی میں رہبر تعلیم اساتذہ کا احتجاج

 
منڈی//رہبر تعلیم ٹیچر ایسوسی ایشن زون ساتھرہ نے تنخواہیں واگزار نہ ہونے پر منڈی صدر مقام پر حکومت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ احتجاج کی قیادت رہبر تعلیم ٹیچر ایسوسی ایشن کے ضلع صدر حمید نباض کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر فورم کے میڈیا کوآرڈی نیٹر مظفر پٹھان بھی موجو دتھے ۔فورم ارکان نے کہا کہ اگر ریاستی سرکار نے ان کی تنخواہوں کو جلد ڈی لنک نہ کیا تو وہ سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس اتنا پیسہ نہیں جس سے وہ اپنے اہل و عیال کو کھانا کھلا سکیں اور نہ ہی وہ اپنے والدین کیلئے ادویات مہیا کر سکتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر سرکار نے قوم کے اس معمار کی تنخواہوں کو ڈی لنک نہ کیا تو وہ ریاستی سطح پر کام چھوڑ ہڑتال شروع کردیںگے ۔فورم کے ضلع صدر حمید نباض نے کہا کہ وہ ریاستی سرکار کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کہ جس نے اساتذہ کی تنخواہوں کو ابھی تک ڈی لنک نہیں کیا اور انہیں سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنے پر مجبور کیاجارہاہے۔ انہوںنے کہاکہ ماہ صیام میں بھی انہیں تنخواہوںسے محروم رکھاجارہاہے ۔اس موقعہ پر مظفر پٹھان نے بھی خطاب کیا اور تنخواہوں کی واگزار ی کی مانگ کی ۔فورم نے منڈی بازار میں ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی اور منڈی پل پر دھرنا بھی دیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی ۔احتجاج میں فورم کے نائب صدر نشاط تانترے، انعام الرحمن ، ریاض ہمدانی، افضل پسوال، اکرم میر ، بلال راتھر ،افضل شیخ، اسلم چوہان، شبیر پرے، عمران خان، آصف جاوید ،خالق مغل، مشتاق چوہدری ،معشوق خان، جاوید چوہدری، اسرار خان، طارق نائیک، پیر فاروق وغیرہ نے بھی شرکت کی۔