منڈی میں بجلی کی آنکھ مچولی کے معاملہ پر محکمہ اورصارفین میں کھینچاتانی

منڈی//تحصیل منڈی کے مختلف علاقہ جات میں لوگوں کو بجلی کی کٹوتی کی وجہ سے شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اس سلسلے میں منڈی کے علاقہ اعظم آباد اتولی اور چھیلا کے لوگ اسی پریشانی کے حوالے سے محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ انجینئر سے ملاقات کرنے پہنچے لیکن ان کی بات چیت سے مطمئن نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے تحصیل کمپلیکس کے صدر دروازے پر احتجاج کیا۔اس دوران مظاہرین محکمہ بجلی کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے ۔ اس سلسلہ میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ریاض ملک نمبردار اعظم آباد نے کہا کہ گزشتہ 15 روز سے اتولی اعظم آباد چھیلا اور دیگر علاقہ جات بجلی کی کٹوتی کی وجہ سے مشکلات جھیل رہے ہیں- ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلہ کو لیکر علاقہ کاایک وفد محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ انجینئر کے پاس پہنچا لیکن انہوں نے ہماری کوئی بات نہیں سنی اور ہمارے ساتھ بد تمیزی کی – ان کا کہنا تھا کہ اگر جلد ہماری پریشانی کا حل نہیں نکالا گیا تو ہم آنے والے دنوں میں صدر سڑک بند کر کے ضلع و تحصیل انتظامیہ کے خلاف احتجاج کریںگے – ان کے علاوہ دیگر لوگوں نے بھی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ واقعاً بجلی کی پریشانی سے لوگ تنگ آچکے ہیں اور اس حوالے سے آفیسران کو چاہیئے کہ وہ لوگوں کی پریشانی سنیں اور ان کا ازالہ بھی کریں – اس بارے میں اسسٹنٹ انجینئر محکمہ بجلی نے بتایا کہ جب لوگ بجلی کٹوتی کی پریشانی لیکر ان کے پاس پہنچے تو انہوں نے ان کو بتایا کہ اورلوڈ کی وجہ سے یہ پریشانی آرہی ہے اس لئے لوگوں کو چاہیے کہ بائلر اور دیگر چیزوں کا استعمال کم کریں تاکہ یہ پریشانی دور ہو سکے – ان کا مزید کہنا تھا کہ ان لوگوں میں سے دو افراد نے ان کے ساتھ بے حد بدتمیزی کی جس پر انہوں نے منڈی تھانہ میں درخواست دائر کروا دی ہے ۔