منڈی//تحصیل منڈی میں عرصہ دراز سے بجلی کا نظام درہم برہم دکھائی دے رہا ہے جس پر سنیچر کو تحصیل منڈی کی عوام نے تحصیل صدر مقام منڈی میں احتجاجی مظاہرہ کرکے سپلائی میں معقولیت لانے کی اپیل کی ۔ اس دوران پی ڈی پی کے زونل سیکریٹری شکیل احمد پرے نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ منڈی کی عوام نے آج مجبور ہو کر یہ احتجاجی مظاہرہ کیا ہے کیونکہ بجلی کے حوالے سے لوگ سخت پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی منڈی کی عوام کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے میں بالکل ناکام ہو گیاہے اورنتیجہ میں دشواریاںہی دشواریاں پیدا ہورہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک تو شیڈیول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جا رہی اور دوسری جانب ایک گھر کے تین راشن کارڈ رکھنے والوں کو تین الگ الگ بل تھمائے جا رہے ہیں جو بہت بڑی نا انصافی ہے اس لئے وہ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ لوگوں کے ساتھ انصاف کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ پونچھ میں تعینات تمام جونیئر انجینئروں کو یہاں سے کسی اور ضلع میں منتقل کیاجائے کیونکہ وہ اس نظام میں سدھار لانے میں بری طرح سے ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحصیل کمپلیکس منڈی کے تمام دفاتر میں بجلی کے بغیر کوئی کام نہیں کیا جا سکتا اور عام لوگ متاثر ہورہے ہیں۔مقامی لوگوں نے انتباہ دیاکہ اگر بجلی سپلائی میں معقولیت نہیںلائی گئی تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکام پر عائد ہوگی ۔