پونچھ//منڈی سے فتح پور جانے والی سڑک پر بایئلہ کے علاقہ میں تارکول بچھانے کا کام شروع ہوا ہے، جس کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے علاقہ دھڑہ، فتح پور اور گردو نواح کے لوگوں نے کہا کہ اس سڑک پر گزشتہ سال تارکول بچھائی گئی تھی جو چند دنوں میں ہی اکھڑ گئی تھی۔ لوگوں نے اس تارکول کے کام کو غیر معیاری اور عوام کے ساتھ دھوکہ قرار دیا ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ ٹھیکیداروں نے ہمیشہ اس علاقہ کی اس سڑک پر غیر معیاری کام کیا ہے جس کی وہ پرزور مذمت کرتے ہیں۔ عوام میں سے کئی لوگوں نے چھٹی کے دن ایک مقامی رہنما سے اس معاملہ میں انتظامیہ سے اس سڑک پر معیاری کام کی مانگ کی ہے۔ پنچایت بایلہ وارڈ نمبر تین کے پنچ نیاز احمد نازکی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ برس سے ضلع انتظامیہ سے اپیل کر رہے تھے کہ منڈی بایلہ تین کلو میٹر سڑک پر تارکول بچھائی جائے اگر چہ پانچ برس بعد ہی انتظامیہ نے اس سڑک پر تارکول بچھانے کا کام شروع کیا تھا مگر ان کے مطابق سڑک پر محکمہ کی جانب سے غیر معیاری تار کول بچھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی سلسلہ میں یہاں کی عوام نے محکمہ کیخلاف احتجاج کیا ہے تاکہ اس سڑک پر معیاری تارکول بچھایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کافی عرصہ سے اس سڑک پر انتظامیہ کی جانب سے تار کول نہیں بچھایا گیا تھا جس کی وجہ سے عام عوام کے ساتھ ساتھ اس سڑک پر سفر کرنے والے ڈرائیوروں اور مسافروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔مقامی لوگوں کی مانگ کے بعد تحصیلدار شہزاد لطیف خان نے یقین دلایا کہ وہ متعلقہ ٹھیکیدار سے بات کرکے اس کام کو بہتر اور معیاری کروائیں گے۔ عوام نے انتباہ دیا کہ اگر اس سڑک پر معیاری تارکول نہیں بچھائی گئی تو وہ اس کو اکھاڑ دیں گے، کیوں کہ ہر سال اس پر تارکول بچھائی جاتی ہے جو چند دنوں میں ہی اکھڑ جاتی ہے۔