منڈی بایلہ میں ریچھ کا قہر،ایک ہفتے میں2 افراد پر حملہ

پونچھ //تحصیل منڈی کے بایلہ علاقہ میں ریچھوں کاقہر جاری ہے اور رواں ہفتے میں ریچھوں کے حملے میں دو افرادشدید زخمی ہو گئے ہیں۔جمعرات کو ریچھ نے بایلہ علاقہ میں ایک عمر رسیدہ خاتون پر حملہ کر کے اسے شدید  زخمی کر دیا ہے جس کی شناخت سکینہ بی زوجہ فتح محمد کے طور پر ہوئی ہے جسے مقامی لوگوں کی مدد سے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جہاں سے اسے ابتدائی علاج کے بعد ضلع ہسپتال پونچھ مزید علاج کیلئے لے جایا گیا۔فاروق مدنی نامی مقامی شخص نے بتایا کہ جمعرات کو ہائی سکول بایلہ کی طرف سے تین ریچھ نمودار ہوئے جن میں سے ایک ریچھ نے مذکورہ خاتون پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بایلہ علاقہ میں متعدد ریچھ انسانی بستیوں میں گھوم رہیے ہیں جو انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کی فصل کیلئے بھی خطرہ بنے ہویے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ تین روز قبل بھی ریچھ نے علاقہ کے ایک مقامی شخص کو زخمی کر دیا تھا جو اس وقت موت و حیات کی جنگ لڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ وائلڈ لائف کے ملازمین وآفیسران کو متحرک کیا جائے تاکہ لوگوں کو جنگی جانوروں سے بچایا جاسکے ۔