عشرت حسین بٹ
منڈی// گزشتہ روز ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ پلیرہ زیارت کے نزدیک ایک الٹو کار حادثے کی شکار ہو گئی جس میں سوار ایک ہی خاندان کے دو افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک کمسن حادثے میں زخمی ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ منگل کو منڈی کے پلیرہ نزدیک زیارت علاقہ میں ایک آلٹو کار زیر نمبر/6052 JK12C حادثے کی شکار ہوگئی جس میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے2افراد کی موت واقع ہو گئی جن سے ایک پولیس میں بطور حوالداراپنی خدمات انجام دے رہا تھا ۔حادثے میں لقمہ اجل بننے والوں کی شناخت محمد صادق ولد محمد اکبر اور محمد جمیل ولد محمد ایوب سکنہ پلیر ہ کے طور پر ہوئی ہے جبکہ اس حادثے میں زخمی بچے کی شناخت نعیم احمد ولد محمد صادق کے طور پر ہوئی ۔
غور طلب کہ حادثے کے بعد مقامی لوگوں کی مدد سے تینوں زخمیوںکو سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جہاں پر محمد صادق اور جمیل احمد کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا جبکہ زخمی کمسن کو اس حادثے میں معمولی خراش آئی ہویں تھیں اُسے ہسپتال سے اُسی وقت علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ لاشوں کو ضروری قانونی لوازمات کے بعد آخری رسومات کے لئے ان کے اہل خانہ کو سونپ دیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے جنازہ پڑھ کے متوفین کو پرنم آنکھوں سے ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا۔ اس سلسلہ میں پولیس تھانہ منڈی میں ایک کیس بھی درج کیا گیا۔ادھر پونچھ میں منگل کو علی الصبح ایک خصوصی پولیس افسر کی لاش برآمد ہوئی اور حکام کے مطابق اس کی موت کسی حادثے کی وجہ سے ہوئی ہو سکتی ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈی پی ایل پونچھ میں تعینات ایس پی او خالق حسین کی لاش ضلع کے کنکوٹ علاقے کے قریب سے ملی۔ نعش سڑک سے تقریباً 10 فٹ نیچے پڑی تھی جبکہ موٹرسائیکل قریب ہی پڑاتھا۔انہوںنے کہاکہ مہلوک ایس پی او کی نعش کو طبی قانونی کارروائیوں کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ منتقل کیاگیا۔ایس ایچ او پونچھ دیپک پٹھانیا نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ایس پی اوکی موت کی وجہ حادثہ ہے،تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔