منقبت

 پیغامِ صبح، صبحِ ولادت حُسین ؑ کی 
مانندِ آفتاب ہے شہرت حُسین کی
اﷲ رے یہ شان یہ عظمت حُسین ؑکی
ہاں نسبتِ رسول ؐ ہے نسبت حُسین ؑ کی
ہے مشعلِ حیات شہادت حُسین ؑکی 
واجب ہے سرفروشوں پہ بیعت حُسین کی 
جھک جھک کے چاند تاروں نے پیہم کئیے طواف
وہ منبعٔ جمال تھی صورت حُسینؑ کی
اسلام کی بقا کے یہ زریں اصول ہیں 
حُبِّ رسولؐ او ر اطاعت حُسینؑ کی 
سجدہ طویل کرنے سے ثابت ہوا ہے یہ
سنتِ رسول ؐ کی ہے محبت حُسینؑ کی
ممتاز اس لئے ہوئے دونوں جہان میں
گلہائے خلد کو ملی رنگت حُسین ؑ کی
جو راہِ حق میں کٹ گیا وہ سر فراز ہے 
کہتی ہے یہ بلندی و رفعت حُسینؑ کی
کرتے ہیں کیسے قوتِ باطل کو پاش پاش
یہ درس دے رہی ہے شہادت حُسین ؑ کی 
آثم ؔ اسی یقین پر ہے شاد و مطمئن
آثمؔ حسین ؑ کا ہے اور جنت حُسین ؑ کی
 
باغبان پورہ، لعل بازار حال آگرہ۔9829340787