منفرد شخصیت کے مالک اسلم جٹ ترقی پاکر اے ایس آئی بن گئے

 
 
سرنکوٹ // ٹریفک سے نمٹنے کیلئے مخصوص انداز کے مالک وطویل قامت اور بڑی مونچھوں والے پولیس ہیڈ کانسٹبل اسلم جٹ کو سرنکوٹ کے لوگ پچھلے کئی برسوںسے بس اڈہ پر دن بھر چاک و چوبند و مستعد دیکھتے آرہے ہیں ۔اسلم جٹ کا تعلق مینڈھر کے ڈنہ کسلباڑی اڑی علاقے سے ہے اور وہ پچھلے دس برس سے زائد عرصہ سے بس اڈہ سرنکوٹ پر تعینات رہ کر اپنے فرائض بحسن خوبی انجام دے رہے ہیں ۔ تاہم اب ان کو محکمہ پولیس کی طرف سے ترقی سے نوازاگیاہے اور ترقی پاکر وہ اے ایس آئی بن گئے ہیں ۔ اسلم ایسے پولیس اہلکار ہیں جنہوںنے سرنکوٹ کے عوام کے دل جیت لئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سرنکوٹ کے لوگوں کے اصرار پر ان کا تبادلہ نہیں ہوا۔سرنکوٹ کے لوگوں کاکہناہے کہ وہ جب بھی بس اڈہ سے گزرتے ہیں کہ اسلم انہیں اپنے ہاتھ میں چھوٹی سی لاٹھی لئے گاڑی مالکان ہدایت دیتے نظر آتے ہیں ۔اسلم جٹ کی تعریف کرتے ہوئے مقامی لوگوں کاکہناہے کہ وہ ایک خوش طبیعت کے مالک انسان ہیں جو اپنے مخصوص انداز سے سب کے چہروں پر خوشی بکھیر دیتے ہیں ۔مقامی لوگوںنے انہیں ترقی سے نوازے جانے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ وہیں خود اسلم کاکہناہے کہ انہوںنے فرائض کو ایمانداری سے نبھانے کی کوشش کی اور شائد اسی وجہ سے سرنکوٹ کے لوگ ان سے پیار کرتے ہیں ۔اسلم جٹ کے ساتھ مینڈھر سے تعلق رکھنے والے محمد حلیل کو بھی پولیس کی طرف سے ترقی سے نوازاگیاہے اور وہ بھی اے ایس آئی بن گئے ہیں ۔