منصوبہ مرکز کو بھیج دیا ہے | فی الحال سنٹرل جیل سرینگر کی منتقلی زیرغور نہیں: دلباغ سنگھ

سرینگر//ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے اس بات کا خلاصہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے پاس فی الوقت سنٹرل جیل سرینگر کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا کوئی بھی منصوبہ زیر غور نہیں ہے تاہم سرینگرکی اس مرکزی جیل کو دوسری جگہ تعمیر کئے جانے سے متعلق منصوبے کو پہلے ہی حکومت کو بھیجا گیا ہے۔ دلباغ سنگھ کا کہنا تھا کہ سرینگر سنٹرل جیل کو سرینگر سے باہر منتقل کرنے کا فی الوقت کوئی بھی منصوبہ زیر غور نہیں ہے تاہم سنٹرل جیل میں حال ہی میں پیش آئے تشدد آمیز واقعات جس میں اندرون جیل کئی عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا تھا، کے بعد نئے جیل کی تعمیر سے متعلق ایک منصوبہ حکومت کو روانہ کیاگیا ہے۔یاد رہے 5اپریل2019کو کاٹھی دروازہ مخدوم صاحب میں قائم سنٹرل جیل سرینگر میں شام دیر گئے اُس وقت اسیروں اور جیل انتظامیہ کے بیچ تشدد بھڑک اُٹھا جب قیدیوں نے جیل کی بارکوں میں مرمت پر اعتراض اُٹھایا۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جو ڈی جی جیل خانہ جات بھی ہیں نے کے این ایس کو بتایا کہ حال ہی میں سنٹرل جیل سرینگر میں چند قیدیوں نے بارکوں میں تعمیراتی کام میں خلل ڈالنے کے لیے دیگر قیدیوں کو اکسایا جس کے بعد جیل میں موجود دیگر قیدیوں نے اُن کا ساتھ دیتے ہوئے تشدد آمیز کارروائیاں انجام دے کر کئی مقامات پر آگ لگائی۔(کے این ایس)