سرینگر//کشمیر یونیورسٹی میںبدھ کو ذہنی صحت سے متعلق چار روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز ہوا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے معاشرتی سطح کے صحت کے پیشہ ور افراد کیلئے یونیورسٹی کے شعبہ ڈی او ڈبلیو کے زیر اہتمام تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا۔اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر طلعت نے کہا کہ صحت اور صحت سے متعلق ماہرین نفسیات ، مشیران اور ماہرین تعلیم کو پرانے اور نئے ذہنی صحت سے متعلق چیلنجوں اور خدشات سے نمٹنے کے لئے ہاتھ ملاناہوگا۔انہوں نے کہا ’’جاری وبائی امراض نے ان خدشات کو مزید بڑھاوا دیا ، جس کا سنجیدگی سے ایک اور سب کی اجتماعی کاوشوں سے نمٹنا ہوگا‘‘۔وائس چانسلر نے ذہنی صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں منشیات کے استعمال سے روکنے کے لئے تعلیمی اداروں پر زیادہ توجہ دینے پر زور دیا۔انہوں نے کہا ’’ہمیں شہری اور دیہی علاقوں میں منشیات کے استعمال کی وباکو ختم کرنا ہوگااور اس میں نچلی سطح پر مستقل آگاہی کے ساتھ اور تعلیمی اداروں ، این جی اوز اور صحت کے پیشہ ور افراد کو سنجیدہ انداز میں شامل کرنا ہو گا‘‘۔تعلیمی امور کے ڈین پروفیسر شبیر احمد بٹ نے کہا کہ تعلیم دینے کے علاوہ تعلیمی اداروں کے لئے ضروری ہے کہ وہ معاشرے کوآگاہی فراہم کریں ۔اس موقعہ پر میڈیکل کالج بارہمولہ کے شعبہ کمیونٹی میڈسن کے سربراہ پروفیسر عبد المجید گنائی نے کہا کہ ان جیسے تربیتی پروگرام تعلیمی اور تحقیقی مطالعات میں مدد دیتے ہیں اور اس کے نتائج کو نچلی سطح تک لاگو کرنے میں مدد دیتے ہیں۔