سرینگر // وادی میں ہر ماہ اوسطاً 20منشیات فروشوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جاتی ہیں اور ان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی چرس ، افیم ، برائون شوگر اور دیگر منشیات ضبط کی جاتی ہیں، نشیلی ادویات کی ضبطی اس سے الگ معاملہ ہے۔عمومی طور پرہر دوسرے روز 3سے4 ملوث افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی جاتی ہیں ۔رواںماہ کے 14دنوں میں پولیس نے وادی کے متعدد علاقوں سے20منشیات فروشو ں کی گرفتاری عمل میں لائی اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدرار میں منشیات برآمد کی گئی جبکہ پچھلے ایک برس کے دوران کو ویڈ- 19کے دوران وادی میں 433افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں ۔منشیات کے بڑھتے وبا کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف فروری کے 14دنوں میں پولیس نے 20افراد کو بھاری مقدار میں منشیات سمیت گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔پولیس میڈیا سیل میں جو کیس رپورٹ ہوئے ہیں ان کے مطابق 2فروری کو بڈگام پولیس نے 0 منشیات فروشوں کے قبضہ سے 110 کلوگرام چرس ، 1.90 گرام ہیروئین اور 264 نشیلی کپسول برآمد کئے ۔3فروری کو اونتی پورہ اور کولگام پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 2منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لائی ، کولگام میں ان کے قبضے سے 110 گرام برائون شوگر اور نقدی 71700 روپے برآمد کئے گئے اور اونتی پورہ پولیس نے ایک بد نام زمانہ منشیات فروش کو ممنوعہ نشیلی اشیاء سمیت کیس زیر ایف آئی آرنمبر201/2020 متعلقہ دفعات کے تحت گرفتارکیا ۔4فروری کو گاندربل پولیس نے ایک رہائشی مکان پر چھاپہ مار کر وہاں سے 10 کلو گرام گانجہ، 210 گرام چرس پاوڈراور 58 گرام چرس برآمد کیا ۔5فروری کو بڈگام پولیس نے 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے5 گرام ہیروئن اور120 نشیلی ادویات کے ٹکیاں بر آمد کیں۔ 7فروری کوکولگام پولیس نے 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے ممنوعہ نشیلی ادویات کی دس بوتلیں اور نقدی 3200 روپے برآمدکئے۔ 9فروری کو بانڈی پورہ اور بڈگام پولیس نے چار منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء آمد کرکے ضبط کی۔بانڈی پورہ پولیس نے تلاشی کے دوران پندرہ کلو گرام چرس پاوڈر برآمد کرکے ضبط کی۔ بڈگام پولیس نے دس گرام ہیروئین ، دولیٹر کوڈین فاسفیٹ ، 74 الپراکزم کپسول برآمد کرکے ضبط کئے۔11فروری کو کولگام کے آلوسٹو علاقے میں 1.5 گرام چرس برآمد کر کے دو منشیات فروشوں کو گرفتارکیا گیا ۔ حیدر پورہ کے قریب ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس نے منشیات فروشوں سے 15 کوڈین بوتلیںاور 225 نشیلی ٹکیاں برآمد کیں۔ 14فروری کو بڈگام میں ایک منشیات فروش کو 310 کلو گرام فُکی سمیت گرفتارکیا گیا۔جنوری 2020سے دسمبر 2020تک پولیس نے433افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں ۔پولیس نے اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنوری کے مہینے میں 16افراد کو نشیلی ادویات سمیت گرفتار کیا گیا ۔فروری میں 82، مارچ میں 50،اپریل میں 25،مئی میں 24،جون میں 22 ،جولائی میں 52،اگست میں 27،ستمبر میں 35،اکتوبر میں 31،نومبر میں 34 اور دسمبر 2020میں 35 افراد کو لاکھوں مالیت کی منشیات سمیت گرفتار کیا گیا ہے ۔سب سے زیادہ گرفتاریاں اونتی پورہ میں ہوئی ہیں جہاں پولیس نے گزشتہ برس کے دوران 111 افراد کو حراست میں لیا۔اس دوران11 منشیات فروشوںکو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیجا گیا ۔