منشیات مخالف مہم

سرینگر//پولیس نے منشیات کا قلع قمع کرنے کیلئے زمینی سطح پر انٹیلی جنس نظام متحرک کرکے منشیات فروشوں اور دیگر ممنوعہ نشیلی اشیاء کی خرید و فروخت میں ملوث اشخاص کی جانکاری  دینے کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے۔ریاست میں منشیات کی بڑھتی ہوئی وبا ء تشویشناک صورتحال اختیار کرچکی ہے اور نوجوان نسل پر اس کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ایس ایس پی سرینگر ڈاکٹر حسیب مغل نے عوام کے نام ہیلپ نمبر 9596770538جاری کرتے ہوئے کہاکہ اگر کسی کو بھی منشیات فروش اور دیگر نشیلی اشیاء کے کاروبار میں ملوث اشخاص کے بارے میں جانکاری ہو تو وہ مذکورہ جاری کردہ ہیلپ لائن نمبر پر رابط قائم کرسکتا ہے جبکہ اس ضمن میں وٹس ایپ پر فوٹو اور ویڈیو بھی بھیجے جاسکتے ہیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صغیہ راز میں رکھا جائے گا ۔ اطلاع دینے والے کی نشاندہی پر اگر نشیلی اشیاء برآمد ہوئی تو پولیس کی جانب سے اُس شخص کو انعام سے بھی نوازا جائے گا۔ علاوہ ازیں جاری شدہ ہیلپ لائن نمبر پر دن رات رابط قائم کیا جاسکتا ہے۔ پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے آس پڑوس میں نشیلی اشیاء کی غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں پولیس کو اپنا دستِ تعاون فراہم کریں تاکہ خاطیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ادھرسوپور پولیس نے باغات اچھ بل کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران عارف حسین لون ولد عبدالحمید لون ساکن لرہامہ رفیع آباد کو روک کر اُس کی جامہ تلاشی لی جس دوران اُس کے قبضے سے بڑی مقدار میں نشہ آور ادویات برآمد ہوئی۔ پولیس ٹیم نے موقع پر ہی منشیات فروش کو حراست میں لے کر اُس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 213/2019کے تحت سوپور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔