حسین محتشم
پونچھ//’نشہ مکت بھارت ابھیان‘ مہم کے ایک حصے کے طور پر کھیلو انڈیا ہاکی سنٹر پونچھ اور شام لال ہاکی کلب پونچھ کے درمیان ہاکی کا ایک نمائشی میچ کھیلا گیا۔ اس میچ کا مقصد عوام الناس اور بالخصوص نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کے لئے آگاہی پھیلانا تھا۔اس موقع پر ایس ایچ او پونچھ رنجیت روائو مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ نشہ جیسی بری عادتوں سے دور رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذہب ہر قسم کے نشہ سے دور رہنے کی تلقین کرتا ہے کیونکہ نشہ کرکے انسان اپنا آپا کھو بیٹھتا ہے اور نشہ کی وجہ سے نوجوانوں کی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو نشہ جیسی بری لت سے دور رکھیں تاکہ سماج کو نشہ سے پاک بنایا جاسکے اور سماج کی بہتر نشو نما ہوسکے۔