منشیات مخالف مہم | سوپوراور لولاب میں بھنگ کی فصل تباہ کردی گئی،عوام سے تعاون کی اپیل

سوپور+کپوارہ// سوپور پولیس نے سیول سوسائٹی ممبران کے ہمراہ بادام باغ سوپور علاقے میں بھنگ کی فصل کو تباہ کیا۔ ایس ایچ او سوپور کی سربراہی میں ٹیم نے بادام باغ میں وسیع اراضی پر پھیلی بھنگ کی کاشت کو ضائع کیا۔ عوامی حلقوں نے پولیس کی اس کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلع کے دوسرے علاقوں میں بھی منشیات مخالف مہم شروع کرنے پر زور دیا ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا قلع قمع کرنے کی خاطر پولیس کو اپنا دستِ تعاون بہم رکھیں اور جو کوئی بھی برے مقصد کیلئے بھنگ کی فصل کو کاشت کرنے کامرتکب قرار پائے گا اُس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے لوگوں پر زور دیا کہ بھنگ کی کاشت کرنے والوں کے بارے میں نزدیکی پولیس تھانہ کو مطلع کریں تاکہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جا سکے۔اُدھرمحکمہ جنگلات نے ایک غیر معمولی مہم کے دوران لولاب کے بالائی علاقوں میں 400کنال اراضی پر کاشت کی گئی بھنگ کی فصل کو تباہ کردیا۔اطلاعات کے مطابق ڈرگ مافیا نے محکمہ جنگلات کی سینکڑوں کنال اراضی پر بھنگ کی کاشت شروع کی تھی۔ کنزرویٹر فارسٹس نارتھ سرکل نے بھنگ کی کاشت کی سرگرمیوں پر روک لگانے کیلئے افسران کی ایک ٹیم کو تشکیل دیا۔بھنگ کی فصل کو تباہ کرنے کی کارروائی میں محکمہ کے 200اہلکاروں نے شرکت کی۔عوام کی طرف سے اس کارروائی کی پزیرائی کی جارہی ہے۔
 
 
 

خواتین اپنا کردار نبھائیں:کشمیر تحریک خواتین 

 سرینگر//کشمیر تحریک خواتین نے منشیات کے بڑھتے رحجان پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے منشیات کا قلع قمع کرنے کے لئے خواتین کو آگے آنے اورمہم کا حصہ بننے کی اپیل کی ہے۔تنظیم کی سر براہ زمردہ حبیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے سے تشویش میں اور زیادہ اضافہ ہو تا جا رہا ہے اور والدین بے بس نظر آرہے ہیں حا لانکہ کئی افسروں کی منشیات مخالف کاروائیاں قابل ستائش بھی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بد قسمتی کی بات ہے کہ اس کاروبار میں کئی خواتین بھی ملوث ہو رہی ہیں اسلئے بہت ضروری ہے کہ مائیں بہنیں اپنے گھروں سے منشیات مخا لف مہم کا آغاز کریں۔