رام بن
رام بن //ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول میں منگل کے روز منشیات مخالف ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ریلی کو اے ڈی ڈی سی رویندر ناتھ سادھو نے، جو کہ اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے، نے ریلی کو نشہ مُکت ابھیان کے تحت ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریلی جی ایچ ایس ایس رام بن سے شروع ہوتے ہوئے مین مارکیٹ اور چوکوں سے ہوتے ہو ئے سکو ل احاطہ میں ہی اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں شامل طلاب ہاتھوں میں منشیات مخالف نعرے لکھی ہوئی تختیاں لیکر منشیات کی بدعت کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔اس موقعہ پر سی ای او اے ایچ فانی مہمان ذی وقار تھے۔اس موقعہ پر موجود لوگوں میں سکول کے پرنسپل پرشوتم سنگھ ،زیڈ ای پی او پرشوتم سنگھ راجو ،گرلز ہائی سکول کے ہیڈ ماسٹر امجد حُسین، این سی سی افسر راج سنگھ راجو اور فیکلٹی کے ممبران بھی شامل تھے۔اپنے خطاب میں اے ڈی ڈی سی نے نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے منشیات کے رحجان اور اسکے مُضر اثرات کی جانب توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے پروگراموں سے ہر ایک طبقہ کے افراد کو ایسی کاروائیوں میں شامل ہونے کاایک موقعہ فراہم ہوتاہے،تاکہ وہ ایک صحت مند زندگی بسر کر سکیں۔انہوں نے مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔پروگرام کا اختتام شرکا کی جانب سے بطور ایک ذمہ وار شہری کے سماج کو منشیات سے پاک رکھنے کی حلف کے ساتھ کیا گیا ۔
بانہال
رام بن //عالمی منشیات مخالف دن اور منشیات کا ناجائز کاروبارکرنے کے خلاف منگل کے روز ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقعہ پر اپنے خطاب میں کالج کے پرنسپل نے طلاب میںسماج میں منشیات کا استعمال کو روکنے کے سلسلہ میں بیداری پھیلانے کی تلقین کی۔پروگرام میں این سی سی اور این ایس ایس کے طلاب نے بھی "Listen First" کے موضوع پر تقریر کی۔اسسٹنٹ پروفیسر راہل کمار نے تقریب کا اہتمام کیا تھا جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر انگلش ڈاکٹر سمت شرما نے کلیدی خطبہ دیا ۔اسسٹنٹ پروفیسر سوشالوجی اجے کمار نے بھی منشیات کی بدعت کے خلاف ایک زور دار تقریر کی۔پروگرام کا اختتام اسسٹنٹ پروفیسر پولٹیکل سائنس مشتاق احمد سوہیل کی جانب سے شکریہ کا ووٹ پیش کرنے کے ساتھ کیا گیا ۔
ڈوڈہ
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے منشیات مخالف عالمی دن کے موقعہ پر ایک معلوماتی و بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز افتخار احمد نے ایس ایس پی ڈوڈہ شبیر احمد کی ہدایت پر بائز ہائر سیکنڈری سکول ڈوڈہ اور ہائر سیکنڈری سکول کھلینی میں منشیات کی بدعت کے خلاف ایک معلوماتی پروگرام کا اہتمام کیا۔پروگرام میں سکول کے طلاب و سٹاف نے شرکت کی۔اس دوران مقرریں نے منشیات کے استعمال اور آنے والی نسل پراسکے مضُر اثرات پر تقریر کی۔سکول کے پرنسپل تنویر وانی اورکونسلر بلجیت سنگھ نے منشیات کے مضر اثرات پر روشنی ڈالی۔ ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز افتخار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس پروگرام کا مقصد منشیات سے پاک سماج بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی ڈوڈہ شبیر احمد کی قیادت میں ڈوڈہ پولیس ضلع کو منشیات سے پاک رکھنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔اس موقعہ پر منشیات کے خلاف پمفلٹ اور بروچر بھی تقسیم کئے گئے ،جن کو ڈوڈہ پولیس نے ڈیزائن کیا ہے۔دونوں سکولوں کے طلاب اور سٹاف کے علاوہ مقامی لوگوں نے بھی پروگرام میں شرکت کی اور پولیس کی جانب سے یہ پروگرام منعقد کرنے کی ستائش کی اور کہا کہ اس سے نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے میں مدد ملے گی اور پولیس و عوام کے درمیان رشتے مستحکم ہو جائیں گے،بعد ازاں پولیس کی ایک پارٹی نے زیر قیادت ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز افتخار احمد،ڈپٹی ایس پی ڈی اے آر اور ایس ایچ او نے جنگل میں پیدا ہوئی بھنگ کو ضائع کردیا ۔
بھدرواہ
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //لوگوں خصوصاً نوجوانون طبقہ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رحجان کو ختم کرنے اور منشیات کے مُضر اثرات کی جانکاری دینے کے لئے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکو ل بھدرواہ کے طلاب، این سی سی اور سٹاف نے ایک بیداری ریلی کا اہتمام کیا۔ریلی کی قیادت ایس ایچ او بھدرواہ منیر خان کر رہے تھے۔ ریلی چوبیا لنک روڈ سے ہوتے ہوئے نیو بس اسٹینڈ پر اختتام پذیر ہوئی ۔اس سے قبل ایک مباحثہ کا اہتمام کیا گیا جسے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکو ل بھدرواہ میں زیر نگرانی این سی سی افسر عارف رانامنعقد کیا گیا۔ا س موقعہ پر ایس ایچ او منیر خان مہمان خصوصی تھے،انہوں نے اپنے خطاب میں نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے رحجان پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پولیس اگرچہ اس سلسلہ میں کارروائی میں تیزی لا رہی ہے ،تاہم جب تک عوام اس سلسلہ میں بیدار نہیں ہوگا تب تک منشیات پر قابو پانے میں دشواری آسکتی ہے۔سکول کے درجنوں طلاب نے مباحثہ میں شرکت کی اور منشیات کے مُضر اثرات پر روشنی دالی۔
کشتواڑ
کشتواڑ//عالمی منشیات مخالف دن اور منشیات کا ناجائز کاروبارکرنے کے خلاف منگل کے روز گورنمنٹ ڈگری کالج کشتواڑ کے این سی سی کی جانب سے ایک سیمنار و مباحثہ کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقعہ پر اپنے خطاب میں کالج کے پرنسپل پروفیسر پی کے شرما نے طلاب میںسماج میں منشیات کا استعمال کو روکنے کے سلسلہ میں بیداری پھیلانے کی تلقین کی، جو اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے۔پروگرام میں این سی سی اور این ایس ایس کے طلاب نے بھی تقریر کی۔ فیکلٹی کے پروفیسر ایس کے سئین، ڈاکٹر برکت علی، پروفیسر سونیکا سئین، اور پروفیسر مدھو بالا نے منشیات کے بڑھتے رُحجان پر خصوصی لیکچر دیا ۔این سی سی افسر لیفٹننٹ ستیش ٹھاکور نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔