منشیات فروشی کا دھندہ ,ڈوڈہ میں ایس پی او گرفتار

 اشتیاق ملک

ڈوڈہ// منشیات فروشوں پر شکنجہ کسنے کی مہم جاری رکھتے ہوئے، ڈوڈہ پولیس نے ایک اسپیشل پولیس آفیسر(ایس پی او) کو ڈوڈہ شہر میں منشیات فروشی میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ۔ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے بتایا کہ معلوم ہوا کہ ایک جاوید احمد ولد محمد شفیع ساکن ہمدان پور ڈوڈہ اپنے قبضے میں منشیات / بھنگ رکھتا تھا اور اسے ڈوڈہ ٹائون میں نوجوانوں کو فروخت کرتا تھا۔”خاص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس پوسٹ ڈی ایچ ڈوڈہ کی ایک پولیس پارٹی نے مذکورہ ملزم کو گرفتار کیا۔

 

تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے بھنگ جیسا مادہ برآمد ہوا،” ۔ایس ایس پی نے مزید کہا، “تفتیش پر، یہ پتہ چلا کہ ملزم اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او)کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے اور اس وقت ڈی پی ایل ڈوڈہ میں تعینات ہے۔ ایس ایس پی نے کہا،” اس سلسلے میں، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 53/2023 درج کیا گیا ہے۔افسر نے بتایا، “مذکورہ ملزم ایس پی او سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ علاقے میں دیگر منشیات فروشوں کے ساتھ اس کے روابط/ گٹھ جوڑ کا پتہ لگایا جا سکے۔”ڈوڈہ پولیس نے منشیات کے اسمگلروں/کالے تاجروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس عمل سے باز آجائیں۔انہوں نے سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے جس میں پی ایس اے کے تحت حراست، اسمگلروں کی منقولہ/ غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کرنے کے علاوہ ان کے اور کسی کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج، چاہے وہ پولیس افسر/ اہلکار ہو یا کوئی بھی حکومت ملازم اگر اس طرح کی کالے دھندے میں ملوث پایا گیا تو اسے بخشا نہیں جائے گا۔