منشیات سماج کیلئے سم قاتل ڈالساکپوارہ نے بیداری پروگرام کا انعقاد کیا

عظمیٰ نیوز سروس

کپوارہ// ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی (DLSA)، کپوارہ نے چائلڈ ویلفیئر ڈیولپمنٹ کپوارہ، محکمہ سماجی بہبود کپوارہ اور محکمہ تعلیم کپوارہ کے اشتراک سے بدھ کوگورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نگری میں منشیات کے استعمال اور منشیات کی لعنت کے خاتمے کے بارے میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام کا انعقاد شازیہ تبسم، چیئرپرسن ڈالسا(پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کپوارہ )کی نگرانی اور رہنمائی میں کیا گیا تھا۔پروگرام کا مقصد عوام میں نشہ آور ادویات اور سائیکو ٹراپک مادوں کے حوالے سے قانونی دفعات، مختلف پالیسیوں، پروگراموں اور اسکیموں کے بارے میں آگاہی پھیلانا تھا اور ساتھ ہی بچوں کے حقوق، بچوں میں منشیات کے استعمال کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ریسورس پرسن ایڈوکیٹ جاوید احمد میر ،پینل وکیل ڈالسا کپوارہ نے جامع قانون سازی پر مفصل تقریر کی۔انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ منشیات کی لعنت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے طلبا اور نوجوان نمایاں طور پر متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے طلبا کو اپنے ساتھیوں سے بات کرنے اور اپنے دوستوں کے کسی بھی ناخوشگوار رویے سے اساتذہ اور والدین کو مطلع کرنے کی ترغیب دے کر ایک دوسرے کی مدد کرنے کے ساتھ بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔