منشور بانہالی کی کتاب کو ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ سے نوازنے پر ادب نواز مسرور

 محمد تسکین

بانہال// ساہتیہ اکیڈمی نئی دہلی کی طرف سے ریاست کے معروف شاعر ، معتبر ادیب، محقق، تبصرہ نگار ، ناقد، مورخ اور ترجمہ کار منشور بانہالی کو ان کے کشمیری شعری مجموعہ ’’یتھ واؤ ہالیزونگ کس زالے‘ ‘ کو اس سال کی بہترین کتاب کے قومی سطح کے اعزاز سے نوازنے کے بعد پورے صوبہ جموں کے ادب نوازوں میں خوشی اور مسرت کی لہر ہے اور منشور بانہالی کے آبائی وطن بانہال ، رامبن اور وادی چناب کے ادب نواز شخصیات اور انجمنیں منشور بانہالی کی مشہور کشمیری کتاب ’’ یتھ واؤ ہالیزونگ کس زالے ‘‘ کے انتخاب کیلئے ساہتیہ اکیڈمی کی جیوری کی سراہنا کی ہے۔ کشر ادبی مرکزی فورم جموں کا ایک خصوصی آن لائین تہنیتی اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت بشیر بھدرواہی نے کی۔ اس آن لائین اجلاس میں شرکاء نے منشور بانہالی کی کثیر الجہت شخصیت اور اردو ، کشمیری اور انگریزی زبانوں میں ان کی صلاحیتوں اور قابل قدر خدمات کو یک زبان سراہا گیا اور منشور بانہالی کو اس اعزاز پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی گئی۔ اجلاس میں ساہتیہ اکیڈمی کے کشمیری بورڈ کے موجودہ کنویئر شاد رمضان ، اسیر کشتواڑی اور دیگر معززین نے ساہتیہ اکیڈمی کے جیوری ممبران کے اس حسن انتخاب کی بھی داد دی گئی جس میں منشور بانہالی کی چھ سو سے زائد صفحات پر مشتمل اس کتاب کو ایوارڈ سے نوازنے کیلئے اپنی آراء پیش کی گئی۔ اجلاس میں ساہتہ اکیڈمی کی جیوری کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔بشیر بھدرواہی نے منشور کے اس شعری مجموعہ کو کشمیری ادب کے مجموعی خزانہ میں ایک قابل تحسین اضافہ قرار دیتے ہوئے موصوف کی گرانقدر ادبی ، علمی ، تنقیدی اور شعری صلاحیتوں اور مخلصانہ خدمات پر مفصل روشنی ڈالی اور انہیں قادرالکلام شاعر اور کہنہ مشق قلمکار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ منشور بانہالی صوبہ جموں کے ادبی افق پر ایک درخشندہ ستارے کی مانند ابھرے ہیں اور علم و ادب میں اپنا ایک منفرد مقام حاصل کیا۔ اجلاس میں اسیر کشتواڑی ، شاد فریدی، مشتاق فریدی، رند بھدرواہی ، امین ڈولوال ، فرید فریدی، سہیل صدیقی ،ظاہر بانہالی ،مضروب بانہالی اور ساجد سرمدی اور کچھ دوسرے مقتدر قلمکاروں نے شرکت کی۔اس کے علاوہ بانہال ، رامبن ، ڈوڈہ ، بھدرواہ ، کشتواڑ ، جموں اور وادی کشمیر سے کام کرنے والی درجنوں ادبی انجمنوں، قلمکاروں اور ادیبوں نے بھی منشور بانہالی کی کتاب کو ایوارڈ سے نوازنے پر اپنی خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منشور بانہالی عظیم شاعر ، ادیب ، محقق اور ماہر تعلیم ہیں اور انہوں نے صوبہ جموں میں کشمیری ادب کو بلندیوں تک پہنچایا ہے۔