منریگا کی ادائیگی میں ناکامی کے خلاف منگت میں لوگوں کا احتجاجی مظاہرہ | کہا اجرتوں کی عدم ادائیگی سے لوگ غربت کی دلدل میں دھکیلے جا رہے ہیں

محمد تسکین
بانہال// سب ڈویژن بانہال کی تحصیل و بلاک کھڑی کے منگت علاقے میں لوگوں نے محکمہ دیہی ترقیاتی کی طرف سے منریگا کے تحت کام کرنے والے مزدوروں اور میٹریل سپلائی کرنے والوں کی بقایا پڑی رقومات کی واگزاری میںتاخیر کے خلاف سخت احتجاجی مظاہرے کئے۔ احتجاجی مظاہرین پنچایتی نمائندوں اور محکمہ دیہی ترقیات کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت سابقہ سرپنچ گل محمد جان کر رہے تھے۔  اس موقع پر بات کرتے ہوئے سابقہ سرپنچ اور سماجی کارکن گل محمد جان نے بتایا کہ مہو منگت کے لوگوں کو ایم جی نریگا اور دیگر سکیموں کی بقایا رقومات کی ادائیگی نہیں ہوئی ہے جبکہ دور افتادہ پہاڑی علاقہ منگت میں رہنے والے لوگوں کیلئے منریگا مزدوری کرکے روزگار کمانے کا واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے درجنوں مزدوروں نے منریگا سمیت محکمہ دیہی ترقیات کے کئی کام انجام دیئے ہیں اور سرکاری کاموں کو میٹریل سپلائی کیا ہے لیکن کئی سالوں سے ان کی ادائیگی نہیں کی جارہی یے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی رقومات میں مہینے اور سالوں کی تاخیر منریگا گائیڈ لائنز کی صریحاً خلاف ورزی یے اور اگر رقومات کی کمی یہ یہ حال ہے تو محکمہ دیہی ترقیات اور پنچایتی راج اداروں کو یہ کام شروع ہی نہیں کرنے چاہئے تھے۔  انہوں نے کہا کہ ایک طرف سے سرکار پنچائتی نمائندوں اور پنچایتی راج کو مضبوط بنانے کے کھوکھلے دعوے کر رہی ہے جبکہ زمینی سطح پر یہ سب سرکاری دعوے غلط ثابت ہو رہے ہیں اور مجموعی طور لوگوں کی رقومات سالوں سے بقایا پڑی ہیں۔ احتجاجی مظاہروں میں شامل لوگوں نے پنچایتی نمائندوں کے خلاف بھی نعرے بلند کئے البتہ پنچایتی نمائندوں نے لوگوں کے سامنے آکر اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرین کو بتایا کہ ان کی کہیں بھی شنوائی نہیں ہو رہی ہے اور وہ محکمہ دیہی ترقیات کے ملازمین کے ہاتھوں کٹھ پتلی بن کر رہ گئے ہیں اور وہ آئے روز کے معاملات کو نپٹانے میں ناکامی کے بجائے پنچایتی راج سے دستبردار ہونے میں ہی بہتری سمجھتے ہیں۔احتجاجی مظاہرین نے محکمہ دیہی ترقیات اور پنچایتی راج کے علاؤہ ضلع انتظامیہ رام بن کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر لوگوں کی مزدوری اور کاموں کے میٹریل کی رقومات واگذار کریں ورنہ لوگوں سے تنگ آئے پنچایتی نمائندے اپنے استعفیٰ دینے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پنچایت منگت میں 2017 سے میٹریل کی رقومات واجب الادا ہیں اور مزدوری کی اجرتیں نہ ملنے کی وجہ سے لوگوں پوری طرح سے غربت کی دلدل میں دھکیلے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاؤہ پچھلے کئی برسوں کی مزدوری اور میٹریل کی رقومات بھی لوگوں کو ادا نہیں کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری کاموں میں میٹریل سپلائی کرنے والوں کی زندگی قرضداروں نے اجیرن بنا دی ہے اور ان کا چلنا پھرنا بھی دوبھر ہو گیا ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر رام بن، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ رام بن کو منگت کے لوگوں کو درپیش اس مسئلے کو حل کرنے کی اپیل کی ہے۔