منجا کوٹ میں تیز آندھی سے بجلی سپلائی متاثر ہوئی

پرویز خان
منجا کوٹ //راجوری ضلع کی سرحدی تحصیل منجا کوٹ میں چلی تیز آندھی و ہوا کی وجہ سے بجلی سپلائی کا نظام کم از کم 24گھنٹوں تک متاثر رہا ۔تحصیل میں تیز ہوا کی وجہ سے کئی جگہوں پر درخت ترسیلی لائنوں پر گر گئے جس کی وجہ سے سپلائی نظام میں خلل آیا ۔صارفین نے بتایا کہ تحصیل سے گزرنے والے 33کے وی ٹرانسمیشن لائن پر ایک بھاری درخت گر گیا جس کی وجہ سے کئی کھمبوں کو نقصان پہنچنے کیساتھ ساتھ تاریں بھی ٹوٹ پھوٹ گئی جبکہ اسی طرح چھوٹی سپلائی لائنیں بھی متاثر ہوگئی ہیں ۔دوسری جانب متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی محنت کی وجہ سے کئی علاقوں میں سپلائی چوبیس گھنٹوں کے بعد بحال کر دی گئی ہے تاہم کچھ علاقوں میں حتمی اطلاع موصول ہونے تک سپلائی بحال کرنا باقی تھا ۔