منجا کوٹ میں بجلی اور پانی سپلائی میں خلل

منجا کوٹ //منجا کو ٹ میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور پانی کی سپلائی میں آرہے خلل کی وجہ سے پریشان مکینوں نے متعلقہ حکام کیخلاف احتجاج کیا ۔کانگریس کے ضلع جنرل سیکریٹری فاروق خان کی قیادت میں مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ منجا کوٹ تحصیل میں محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ اکثر علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی سپلائی بند رکھی جارہی ہے جس کی وجہ سے عام صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اسی طرح محکمہ آب رسانی عوامی مسائل کو حل کرنے اور پانی کی معقول سپلائی فراہم کرنے میں ناکام ہوتاجارہا ہے ۔مظاہرین نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے تحصیل میں تیل خاکی کی سپلائی کو بند کرنے کے بعد اب بجلی سپلائی بھی معیاری فراہم نہیں کی جارہی ہے جبکہ صارفین سے بھاری بل بھی وصول کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ بجلی کی تعینات ملازمین و آفیسران کو جلدازجلد تبدیل کر کے تحصیل میں نئے ملازمین تعینات کئے جائیں تاکہ صارفین کی مشکلات کم ہو سکیں ۔کانگریس لیڈر فاروق خان نے کہاکہ محکمہ بجلی اور جل شکتی کے ملازمین اپنی معیاری خدمات انجام نہیں دے رہے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو معیاری سہولیات فراہم کی جائیں نہیں تو احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا ۔