منجاکوٹ کا نیالی جنگل آگ کی لپیٹ میں

منجاکوٹ//منجاکوٹ کا نیالی جنگل آگ کی شدید لپیٹ میں ہے جس کی وجہ سے چھوٹے بڑے درختوں کو نقصان پہنچاہے ۔ اس جنگل میں اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لیا اور سرسبز درخت بھی تباہ ہوگئے۔یہ آگ سوشل فارسٹ کے کمپارٹمنٹ نمبر 95 میں نمودار ہوئی ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ محکمہ کی طرف سے اس جنگل میں ایک ہی فارسٹ گارڈ تعینات ہے جس نے لوگوں کی مدد سے بڑی مشکل سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا ۔انہوںنے کہاکہ اگر منجاکوٹ میں فائر سروس خدمات دستیاب ہوتی تو آگ پر بہت جلد قابو پایاجاسکتاتھاتاہم آج تک حکومت نے اس تحصیل میں فائر سروس اسٹیشن قائم نہیں کیا ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ فائر سروس اسٹیشن کا قیام عمل میں لانے تک ایک گاڑی منجاکوٹ میں دستیاب رکھی جائے ۔