عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر داخلہ امت شاہ نے نیشنل کانفرنس نائب صدرعمر عبداللہ کی جانب سے بی جے پی پرمنتخب حکومت کے اختیارات کم کرنے کے لئے بزنس قوانین کو تبدیل کر نے کے الزات کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ذرا بھر بھی سچائی نہیں ہے ۔وزیر داخلہ نے دیر رات عمر عبداللہ کے ٹویٹ پر جوابی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا’’عمر عبداللہ کا ٹویٹ گمراہ کن اور خیالی ہے۔اس میں ذرا بھر بھی سچائی نہیں ہے کیونکہ ایسا کوئی منصوبہ ہی نہیں ہے ‘‘۔وزیر داخلہ نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا’’پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کئے گئے تنظیم نو قانون2019کے مطابق بزنس رولز کو نوٹیفائی کرنا ضروری ہے اور یہ 2020میں نوٹیفائی ہوچکے ہیں‘‘۔انہوںنے مزید لکھا کہ جموںوکشمیر کے لوگوںنے تاریخی صاف و شفاف انتخابی عمل کے ذریعے ایک منتخب جمہوری حکومت کے قیام کی حکومت ہند کی کوششوں کی مکمل تائید و حمایت کی ہے اور بڑھ چڑھ کر چنائو عمل میں حصہ لیا ہے‘‘۔واضح رہے کہ عمر عبداللہ نے دن میں ٹویٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیاتھا کہ’’ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)نے جموں و کشمیر کے انتخابات میں شکست تسلیم کر لی ہے اور پارٹی نے چیف سکریٹری سے منتخب حکومت کے اختیارات کم کرنے کے لئے سرکاری بزنس قواعد کو تبدیل کرنے کیلئے کہا ہے‘‘۔انہوں نے Xپر لکھا تھا’’ بی جے پی نے واضح طور پر جموں و کشمیر میں شکست قبول کر لی ہے۔ ورنہ چیف سیکرٹری کو یہ ذمہ داری کیوں سونپی جائے گی کہ وہ حکومت کے بزنس رولزکو تبدیل کر کے وزیراعلی/منتخب حکومت کے اختیارات کو کم کر کے ایل جی کو تفویض کرے؟ ‘‘۔عمر نے مزید لکھاتھا’’یہ معلومات میرے پاس سیکرٹریٹ کے اندر سے آئی ہیں، افسران کو اچھی طرح سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آنے والی منتخب حکومت کو مزید بے اختیار کرنے کے لیے کسی بھی دبائو کا مقابلہ کریں‘‘۔