مینڈھر//نیشنل کانفرنس کے سنیئر لیڈر اور سابقہ ایم ایل اے جاوید رانا نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں عوامی منتخب حکومت کی عدم موجودگی میں عوام کو بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں ہیں ۔مینڈھر کے ڈھرانہ علاقہ میں ایک عوامی اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے جموں وکشمیر میں ایک منتخب حکومت کا قیام عمل میں نہیں لایا جاسکا ۔ڈھرانہ ملک پور میں موصوف نے کہاکہ موجودہ حکومت کی جانب سے عوام کو بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے آئے روز عوام میں مایوسی پائی جارہی ہے ۔ جاوید رانا نے کہاکہ جموں و کشمیر میں عوامی منتخب حکومت کی عدم موجودگی میں لوگوں کی مشکلات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈھرانہ ملک پور ڈورابطہ روڈ اور قصاب بھیرہ روڈ سمیت سب ڈویژن مینڈھر کیساتھ ساتھ خطہ پیر پنچال میں درجنوں چھوٹی بڑی رابطہ سڑکیں خستہ حال ہو کر آہستہ آہستہ نا قابل استعمال ہو تی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مینڈھر سب ڈویژن میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (PMGSY) کے تحت آنے والی مینڈھر سرنکوٹ روڈ، سخی میدان کلائی روڈ، اور کالابن پٹھانہ تیر گرسائی رابطہ سڑکوں کیساتھ ساتھ دیگر رابطہ سڑکیں گزشتہ کئی عرصہ سے خستہ حال ہیں لیکن ان کی بہتری کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔این سی لیڈر نے کہاکہ عوامی منتخب حکومت کی عدم موجودگی کی وجہ سے جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کیساتھ ساتھ خطہ پیر پنچال کے اکثر علاقوں میں عوام دیگر بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہو تے جارہی ہیں ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت کی جانب سے عوام کوجلداز جلد معیاری سہولیات فراہم نہیں کی گئی تو عام لوگ اب سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائینگے ۔