مناسب نرخوں پر معیاری ادویات کی حصولی کا خواب چکنا چور | ضلع ہسپتال پونچھ میں قائم جن اوشدی کیندر بند، مریض مسائل سے دوچار

پونچھ//وزیر اعظم نریندرمودی کی قیادت والی مرکزی سرکارنے ’ جن اوشدی سکیم‘ کے تحت نجی وسرکاری ہسپتالوں میں جائز نرخوں پر ادویادت سہولیات دستیاب کرنے کے لئے ادویات کی دکانیں کھولنے کی اسکیم لاگو کی گئی تھی جس سے غریب افراد کو اْمید کی کرن جاگی تھی۔اس دوران ضلع ہسپتال پونچھ میں بھی ایک جن اوشدی کیندر کھولاگیا تھا جس سے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو جائز نرخوں پر ہسپتال کے اندر ہی آسانی سے ادویات دستیاب ہورہی تھی لیکن چند ماہ کے اندر ہی اسے بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے زیر علاج مریضوں کو بازار سے دوائی لانی پڑ رہی ہے جہاں انھیں لوٹا جاتا ہے ۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے سماجی کارکن سردار سرجن سنگھ نے کہا کہ ضلع ہسپتال میں زیر علاج اکثر مریض مالی طور انتہائی کمزور ہیں جن کے لئے یہ ادویات کی دکان تھوڑی بہت راحت کا باعث تھی جسے عرصہ دراز سے بند رکھا گیا ہے۔انہوں نے اس دوکان کو فوری طور کھولنے کا مطالبہ کیا۔ضلع ہسپتال میں زیر علاج ایک مریض کے ساتھ آئے ہوئے شخص محمد ذاکر نے بتایا کہ جن اوشدی کیندر سے انھیں جائز نرخوں پر ادویات آسانی سے مل رہی تھی جسے بلا وجہ بند کر دیا گیا۔انہوں نے اس دکان کو دوبارہ سے چالو کرنے کی اپیل کی۔ جب اس دوکان کو چلانے والے امت کمار سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایک سال تک انہوں نے نہایت خوش اصلوبی کے ساتھ جن اوشی کیندر چلایا لیکن اچانک ان کو ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے نوٹس ملا کہ وہ دکان بند کر دیں ۔انھوں نے کہا کہ اچانک دکان بند ہونے سے ان کی تقریبا پانچ لاکھ کی ادویات ایکسپائر ہو گئی ۔انہوں نے کہا کہ اب سپریم کورٹ نے انھیں دکان کھولنے کی اجازت دی ہے لیکن ان کا جو نقصان ہوا اس کی بھرپائی کون کرے گا؟۔