کلکتہ//وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر بنگال میں کورونا ویکسین کی قلت کو لے کر خط لکھا ہے ۔گزشتہ ہفتے وزیرا عظم مودی سے ملاقات کے دوران بھی ممتا بنرجی نے ریاست میں ویکسین کی قلت کا ایشو اٹھاتے ہوئے درخواست کی تھی کہ ریاست میں آباد ی کے لحاظ سے کورونا ویکسین فراہم کیا جائے ۔ممتا بنرجی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ بنگال میں کورونا ویکسین کی قلت سے متعلق ریاستی حکومت نے باربار مرکز کی توجہ مبذول کرائی ہے ۔وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے دوران بھی اس ایشو کو پیش کیا تھا کہ بنگال کی آبادی کے لحاظ سے کورونا ویکسین نہیں مل رہی ہے ۔اس کی وجہ سے ریاست میں کورونا ویکسین کا پروگرام سست روی کا شکار ہوگیا ہے ۔دو صفحات پر مشتمل خط میں وزیر اعلیٰ نے ویکسین سے متعلق تمام ایشوز کا احاطہ کیا ہے ۔