ممبر پارلیمنٹ لوکل ایریا ڈیولپمنٹ سکیمیں

سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنرسرینگر ڈاکٹر سید عابد رشیدشاہ نے کل آفیسران کی ایک میٹنگ میں ضلع میںممبر پارلیمنٹ لوکل ایریا ڈیولپمنٹ سکیموں کی پیش رفت کاجائزہ لیا ۔ترقیاتی کمشنر نے مالی اور طبعی پیش رفت کے بارے میں متعلقہ آفیسران سے تفصیلی جانکاری طلب کی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع میں مختلف محکموں کے تحت 17کاموں میں سے14کام مکمل کئے گئے ہیں جن پر کُل 19.68کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔جب کہ ہدف شدہ5584مستفیدین میں سے5518کو پی ایم جی ایس وائی کے دائرے میں لایا گیا ۔میٹنگ میںترقیاتی کمشنر نے مختلف محکموں کی طرف سے کاموں کی سست رفتاری پر ناپسندیدگی کااظہا رکرتے ہوئے تمام کام مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت دی۔انہوںنے تمام محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ کاموں کی تکمیل متاثر نہ ہوسکے۔انہوںنے کاموںکی موثر نگرانی اورشفافیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔میٹنگ کا انعقاد مجوزہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کارڈی نیشن کمیٹی اینڈ مانٹیرنگ کمیٹی کی میٹنگ کے تناظر میں ہوا جو کہ ممبر پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) کی صدارت میں اگلے ماہ ہورہی ہے۔