ممبر پارلیمنٹ دانش علی کو بی ایس پی نے معطل کیا

لکھنؤ /عظمیٰ نیوزڈیسک/ امروہہ سے لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) لیڈر دانش علی کو ’پارٹی مخالف سرگرمیوں‘ کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا گیا ہے۔ بی ایس پی صدر مایاوتی نے رکن پارلیمنٹ دانش علی کو معطل کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دانش علی نے کچھ دنوں پہلے راہل گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ پارٹی کی مخالفت اور کانگریس سے قربت کی وجہ سے انہیں معطل کیا گیا ہے۔پارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امروہہ کے ممبر پارلیمنٹ کو کئی بار تنبیہ دی گئی ہے کہ انہیں کوئی ایسی کارروائی یا بیان نہیں دینا چاہئے، جو پارٹی کے اصولوں، نظریہ اور پالیسیوں پر عمل نہ کرتا ہو۔ اس میں کہا گیا ہے کہ حالانکہ انتباہات کے باوجود آپ پارٹی کے خلاف کام کر رہے ہیں۔