ممبران اسمبلی کے ساتھ ہتک آمیز سلوک

بارہمولہ//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے ریاست کے چیف سیکریٹری کی طرف سے این سی اور بی جے پی ممبران اسمبلی کے ساتھ ناروا سلوک کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سرکاری انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ عوامی نمائندوں کے ساتھ ایسے پیش نہ آئے۔  بارہمولہ میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا ’’یہ بات بے حد افسوسناک ہے کہ چند دن قبل چیف سیکریٹری موصوف نے بی جے پی کے ایک ایم ایل اے کو کافی مدت تک دروازے کے باہر انتظار کروایا اور اب این سی کے ممبر اسمبلی ہومشالی بگ کے ساتھ اپنے دفتر میں ناشائستہ سلوک کیا  اور انہیں دفتر سے باہر نکلنے کو کہا۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن اگر اداروں کی ایسے بے حرمتی کی جائے تو ایسا کسی کیلئے بھی ٹھیک نہیں ۔انجینئر رشید نے کہاکہ چیف سیکریٹری کو سمجھنا چاہئے کہ اُن کی حیثیت سرکار کے ایک کلرک کی سی ہے اور وہ ہرگز منتخب عوامی نمائندوں کی ایسے بے عزتی نہیں کر سکتے ۔ لگتا ہے کہ چیف سیکریٹری اسی ذہنیت کے غلام ہیں جو کشمیر کو اپنی کالونی سمجھتا ہے ۔‘۔ انجینئر رشید نے عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی سمیت دیگر جماعتوں کے ممبران اسمبلی سے کہا کہ وہ اس معاملے کے خلاف آواز اٹھائیں کیونکہ سوال کسی کی ذات کا نہیں بلکہ ادارے کے تقدس کا ہے ۔ انجینئر رشید نے چیف سیکریٹری کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے رویہ میں تبدیلی لائے بصورت دیگر انہیں عوامی غم و غصہ کا سامنا کرنا ہوگا۔