راجوری//وزیر اعلیٰ کے دورہ ٔ راجوری کے دوران نعرے بازی اور ایک دوسرے واقعہ پرپی ڈی پی کارکنان اور ملازمین کے خلاف کی گئی کارروائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ممبراسمبلی راجوری چوہدری قمر حسین نے ضلع انتظامیہ پر سخت تنقید کی اور کہاکہ اگر ایف آئی آر کالعدم نہیں قرار دیئے گئے تو وہ ایجی ٹیشن شروع کریںگے ۔راجوری میںپارٹی کارکنان کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے نے کہا’’میں وزیر اعلیٰ کے دورے کے دوران نوجوانوں کی طرف سے نعرے بازی کرنے پرڈپٹی کمشنر سے معافی مانگتاہوں اور یہ کہناچاہتاہوں کہ ایف آئی آر ختم کی جائے جو لوگوںکو حراساں کرنے کی ایک کوشش ہے ‘‘۔انہوںنے گردن چھاوا گائوں کے واقعہ پر کی گئی کارروائی پر بھی سخت برہمی کااظہار کیا اور کہاکہ انتظامیہ و پولیس نے چند افراد کی ایماپر یہ کارروائی کی اور کمیونٹی ہال کو خالی کروایا۔ انہوںنے پولیس اور انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے دورے کے دوان نعرے بازی پر لگایاگیا ایف آئی آر واپس لیاجائے نہیں تو وہ ایجی ٹیشن شروع کریںگے ۔ پی ڈی پی سے تعلق رکھنے والے ممبراسمبلی نے الزام عائد کیاکہ ان کی سیاسی شبیہ کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جو کبھی برداشت نہیںکیاجاسکتا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گردن چھاوا گائوں میں کچھ گھروں میں سنگ بازی کی اطلاع ملی جس پر پولیس پارٹی اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ نے گزشتہ ہفتے علاقے کا دورہ کیا اور ضروری کارروائی کرکے حالات کو قابو میں لایا۔پولیس نے اس واقعہ میں ملوث ہونے کے الزام میں کچھ افراد کو حراست میں بھی لیا اور پولیس کارروائی سے پتہ چلاکہ سابق سرپنچ نے کئی برس سے کمیونٹی ہال کو اپنی تحویل میں رکھاہواتھا جس کو انتظامیہ نے سیل کردیا۔دوسرے واقعہ میں وزیر اعلیٰ کے دورے کے دوران پندرہ سے بیس افراد کے گروپ نے نعرے بازی شروع کردی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پروائرل ہوئی جس میں راشن ڈیلر ،محکمہ مال کے نمبردار ، پی ایچ ای کے ہیلپر اور ممبراسمبلی کے پرسنل اسسٹنٹ کو بھی ملوث پایاگیاجس پر انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ملازمین کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پرملازمت سے معطل کردیااوراس حوالے سے ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ۔میٹنگ کے دوران ممبراسمبلی نے انتباہ دیاکہ اگر ایف آئی آر واپس نہ لئے گئے تو وہ ایجی ٹیشن شروع کردیںگے ۔ اس موقعہ پر پارٹی کارکنان نے بھی انتظامیہ پر تنقید کی اور سنگین نتائج کی دھمکی دی ۔اس دوران تھنہ منڈی سے تعلق رکھنے والے متعدد بھاجپا کارکنان پی ڈی پی میں شامل ہوئے جن کا ممبراسمبلی راجوری نے ہار پہناکر خیر مقدم کیا ۔
ممبراسمبلی راجوری انتظامیہ پر برس پڑے
