ممبئی کے سہ روزہ ٹریول شو میں ریاستی محکمہ سیاحت کی شرکت

سر ی نگر//اپنی مارکیٹنگ مہم کو جاری رکھتے ہوئے ریاستی محکمہ سیاحت نے ایم ایم آر ڈی اے گرائونڈس ممبئی میں 28؍ستمبر کو شروع ہوئے انڈیا انٹرنیشنل ٹریول مارٹ نامی تین روزہ ٹریول شومیں حصہ لیا۔ناظم سیاحت کشمیر تصدق جیلانی نے وادیٔ کشمیر کی سیاحتی گنجائش کو اُجاگر کرنے اور موسم خزاں و سرما میں سیاحوں کو وادی کی سیر کی جانب راغب کرنے کے لئے اس ٹریول شو میں شرکت کی۔ناظم سیاحت کشمیر نے کہا کہ مہاراشٹر کشمیر کی سیاحت کے لئے ایک اہم مارکیٹ ہے جہاں سیاحت کی مارکیٹنگ کی جانی چاہیئے۔اُنہوں نے کہاکہ ٹریول ٹریڈ شو ریاستی سیاحت کے لئے ایک بہتر ین پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ انڈیا انٹرنیشنل ٹریول مارٹ ممبئی بین الاقوامی ٹریول کمیٹی کے لئے ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے جہاں ملک کے مختلف حصوں سے سیاحت سے جڑے افراد آکر اس میں شرکت کرتے ہیں۔تصدق جیلانی نے کہا کہ ملک اور بیرون ملک سے آئے سینکڑوں ٹریول ٹریڈ پیشہ ور افراد اس ٹریول شو میں شرکت کر رہے ہیں جو کشمیر کی سیاحت کے لئے مفید ثابت ہورہا ہے۔انہوں نے کہا’’ مہاراشٹر ، مغربی بنگال اور گجرات جموں و کشمیر کی سیاحت کے لئے اہم مارکیٹ ہے ۔جموں و کشمیر کے اسٹال کو بہت اچھا ردِّعمل ملا ہے اور اس اسٹال پر آنے والے لوگوں کو ریاست کے سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کی جارہی ہے‘‘۔اس سے قبل ریاستی محکمہ سیاحت نے ملک کے دیگر کئی شہروں میں منعقد کئے گئے ٹریول شوز میں بھی شرکت کی ہے۔محکمہ سیاحت اکتوبر کے وسط میں ایک بہت بڑے ٹوراِزم فیسٹول کا انعقاد کررہا ہے جس میں اس شعبے سے جڑے کئی افراد اور ادارے شرکت کریں گے۔ٹریول شو کے حاشیہ پر تصدق جیلانی نے صحافیوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ کشمیر سیاحوں کے لئے ایک محفوظ مقام ہے ۔انہوںنے ٹریول شو پر آنے والے لوگوں کو یقین دلایا کہ کشمیر کی سیاحت کے دوران محکمہ اُنہیں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔