ملی ٹینٹوں کے حالیہ حملے

قابل مذمت  جواب دیا جائیگا :لیفٹیننٹ گورنر 

نیوز ڈیسک

 

سرینگر ///عام شہری اور سیکورٹی فورسز اہلکاروں پر ملی ٹینٹ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ تمام حملوں کا مناسب جواب دیا جائیگا۔سماجی رابطہ عامہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایل جی کے دفتر نے ایک ٹویٹ میںکہا  ’’شہریوں اور سی آر پی ایف اہلکاروں پرحملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں‘‘۔ مہلوک اہلکار وشال کمار کے اہل خانہ سے میری گہری تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا ہے‘‘۔ ٹویٹ میںمزید لکھا گیا کہ ہماری سیکورٹی فورسز نفرت انگیز حملوں کے مرتکب افراد کو منہ توڑ جواب دے گی۔ 

 

معیشت تباہ کرنے کی سازش :سجادغنی لون

نیوز ڈیسک

 

سرینگر//پیپلز کانفرنس چیئرمین سجادغنی لون نے منگل کو کہا کہ ملی ٹینٹ حملوں میں اضافے کا مقصد کشمیر کی معیشت کو تباہ کرنا ہے۔ لون نے کہا کہ کشمیر میں تشدد نہ صرف بے معنی اور وحشیانہ ہے بلکہ اس کا مقصد کشمیری معیشت کو تباہ کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ طویل عرصے کے بعد ہوٹلوں اور اس سے منسلک شعبوں میں کاروبار دوبارہ شروع ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ اور ایسا لگتا ہے کہ دشمن اس سب کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔غیرمقامی مزدوروں کے ساتھ ساتھ ایک کشمیری پنڈت پر جنوبی کشمیر میں ہوئے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے سجادلون نے کہا کہ لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے مقصد سے اہداف کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ ایسے حملوں کے اہداف کو نوٹ کریں، ایسا لگتا ہے کہ گیم کا سارا منصوبہ ڈرانے اور پیچھا کرنے کا ہے۔ سجاد غنی لون کاکہناہے کہ کسی کا نظریہ جو بھی ہو، کم از کم ہم یہ کر سکتے ہیں کہ دوسرے فریق کے نظریے اور دوسرے فریق کی حکمت عملی کو سمجھیں۔

 

ملی ٹینٹوں کی بوکھلاہٹ 

اورمایوسی کامظہر:دلباغ سنگھ 

بلال فرقانی

 

سرینگر//جموں وکشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے غیر مقامی مزدوروں اورفورسز اہلکاروں پر حالیہ حملوں کو ملی ٹینٹوں کی بوکھلاہٹ اور مایوسی قرار دیتے ہوئے کہاکہ رواں سال کے پہلے 3مہینوںمیں 42ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں ۔ مائسمہ میں مارے گئے سی آر پی ایف اہلکاروشال کمار کی میت پر پھول چڑھانے کی تقریب کے موقعہ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پولیس نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کو ملی ٹینٹ گروپوں پر مکمل غلبہ حاصل ہے ،اسلئے ملی ٹینٹ مایوسی کے شکار ہوچکے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ مزدوروں اور اقلیتی برادری کے ایک رکن کو نشانہ بنانا  وحشیانہ پن اور حیوانیت کی نشانیاں ہیں۔ڈی جی پی کاکہناتھاکہ رواں سال کے پہلے 3مہینوںمیں جنگجومخالف کارروائیوں اور جھڑپوں کے دوران42ملی ٹینٹ مارے گئے۔پولیس چیف نے غیرمقامی مزدوروں پرحملوںکوبزدلانہ اورقابل مذمت حرکت قرار دیتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر کے مقامی لوگ غیر مقامی لوگوں کا خیرمقدم کر رہے ہیں کیونکہ وہ زراعت، باغبانی اور تعمیراتی سرگرمیوں میں مدد کرتے ہیں۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ پولیس وفورسزکی جانب سے ان واقعات کے حوالے سے ضروری کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جنگجوگروپوںکے بالائی زمین کارکنوں اور معاونین کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ2021 میں 32 غیر ملکی ملی ٹینٹ مارے گئے۔ سرحد پار سے ان کے ہینڈلرز اس حقیقت کو ہضم نہیں کر سکتے کہ کشمیر میں لوگ پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔