ملک کو پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بنائیں گے اشوک کول کاگاندربل میں پارٹی میٹنگ سے خطاب

عظمیٰ نیوز سروس

گاندربل//بھارتیہ جنتا پارٹی جموں کشمیر کے جنرل سیکریٹری اشوک کول نے زور دے کر کہا ہے کہ ان ساڑھے نو سالوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں پوری دنیا میں ملک کی عزت بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملک کو سماجی، اقتصادی طور پر کمزور اور پسماندہ دیکھنا چاہتے ہیں، وہ بھارت کے اس بڑھتے ہوئے قد کو ہضم نہیں کر پا رہے ہیں تاہم بی جے پی قیادت دن رات ایک مشن موڈ پر کام کرتی رہے گی۔اشوک کول ٹاؤن ہال گاندربل میں ضلع کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس طاقتور ملک کو پرامن، خوشحال اور تکنیکی طور پر ترقی یافتہ بنائیں گے۔اشوک کول نے اس موقع پر پارٹی قیادت کوبڑے پیمانے پر کام کرنے کی ہدایت دی۔ پارٹی کیڈر کے ساتھ تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے بوتھ سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے پر توجہ دی۔ انہوں نے پارٹی کیڈر کو آنے والے پروگراموں سے بھی آگاہ کیا اور ان سے کہا کہ وہ جوش و خروش کے ساتھ انہیں منظم کریں۔اشوک کول نے تنظیم میں شکتی کیندر پرمکھوں کے اہم کردار پر زور دیا اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے اسے بہت ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں (شکتی کیندر پرمکھوں) کو ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس‘ کے مقصد کے ساتھ لگن سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔سمیلن کے دوران سابق ایم ایل سی سریندر امباردار، ضلع صدر گاندربل محمد امین شاہ، غیور اندرابی، ساجد، ساحل بٹ، مدثر وانی اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈران اشوک کول کے ساتھ تھے۔محمد امین شاہ نے پارٹی کی سینئر قیادت کا ان کی رہنمائی پر شکریہ ادا کیا اور پارٹی کیڈر کو سمیلن میں ان کی فعال شرکت پر سراہا۔