ڈوڈہ//وادی نور کہلانے والا خطہ چناب پیر کو 7ویں روز بھی مکمل طور گھپ اندھرے میں ہے ۔بار بار اصرار اور یقین دہانیوں کے بائو جود بھی اس خطہ کو ابھی بجلی رابطہ سے دوبارہ بحال نہیں کیا گیا ہے۔اگر چہ یہ خطہ ملک کی مختلف ریاستوں کو روشنی سے استفادہ دیتا ہے لیکن یہاں کی عوام مسلسل 7روز سے انتظار میں ہے کہ کب یہاں کے قصبہ جات کے ساتھ ساتھ دوردراز مقامات میں بھی بجلی کی سہولیات سے استفادہ حاصل کر یں۔بجلی کا 7روز سے بند رہنا جہاں لوگوں کو ایک طرف سے پریشانی اور مشکلات کا باعث بنا ہے وہیں دوسری جانب حاکم بالا ،گورنر انتظامیہ کیلئے کوئی نیک شگون نہیں ہے اس سے اس بات کا بر ملا اظہار ہوتا ہے کہ یہ حکام لوگوں کی ان مشکلات میں کتنی سنجیدہ ہے ۔مقامی انتظامیہ نے بھی اس طور کوئی پیش رفت نہیں کی اور نہ ہی لوگوں کو صاف اور واضع بتایا کہ اس کے بحال ہونے میں کتنا وقت در کار ہے مگر یہاں عوام انتظار میں ہے کہ بجلی صبح آئی گی یا شام کو آئے گی لیکن ایک ہفتہ گزرنے کے بعد بھی نہ جانے کتنے دنوں انتظار کرنا پڑے گا۔اگر یہاں کی عوام کو پہلے ہی بتایا جاتا کہ ایک ہفتہ کے بعد بجلی فراہم ہوگی تو عوام کچھ انتظام کر لیتی ۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی بحالی کو ابھی چند دن مزید لگیں گے۔گورنر انتظامیہ اور مقامی انتظامیہ اس تعلق سے بالکل نا کام ہوئی ہے۔یہاں کی عوام اور دیگر سماجی و سیاسی حلقوں نے گورنر انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے اس تعلق سے کوئی پیش رفت نہیں کی تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔