یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے سینئر لیڈر امت شاہ نے بدھ کو کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کے غیر ملکی سرزمین پر دئے گئے بیانات پر ان کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو توڑنے والی طاقتوں کے ساتھ کھڑا ہونا گاندھی اور کانگریس پارٹی کی عادت بن گئی ہے۔ شاہ نے کہا ’’گاندھی اور کانگریس پارٹی کی یہ عادت بن گئی ہے کہ وہ ملک مخالف باتیں کریں اور ملک کو توڑنے کی کوشش کرنے والی طاقتوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔ چاہے وہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے ملک مخالف اور ریزرویشن مخالف ایجنڈے کی حمایت کرنی ہو یا غیر ملکی فورمز پر ہندوستان مخالف بولنا ہو، گاندھی نے ہمیشہ ملک کی سلامتی اور جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے‘‘۔وززیرداخلہ نے کہا کہ زبان کے خلاف زبان، خطے کے خلاف خطے اور مذہب کے خلاف مذہب کے درمیان تفریق کی بات کرنا گاندھی کی تفرقہ انگیز سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا’’ملک سے ریزرویشن ختم کرنے کی بات کرکے گاندھی نے ایک بار پھر ملک کے سامنے کانگریس کا ریزرویشن مخالف چہرہ پیش کیا ہے‘‘۔بی جے پی لیڈر نے کہا میں گاندھی کو بتانا چاہتا ہوں کہ جب تک بی جے پی ہے، کوئی بھی ریزرویشن کو ہاتھ نہیں لگا سکتا اور کوئی ملک کے اتحاد سے نہیں کھیل سکتا۔