نئی دہلی// ملک میں جان لیوا اور مہلک ترین کورونا وائرس ’کووڈ19‘کے نئے کیسز میں نشیب و فراز کے درمیان شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 ہزار سے زیادہ مریضوں کو اس موذی وبا سے شفایابی ملی ہے، جس سے یہ تعداد بڑھ کر ایک کروڑ چار لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔
ہفتہ کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ایک دن کے بڑے اضافے کے بعد ملک میں وائرس کے نئے کیسز میں پچھلے 24 گھنٹوں میں ایک بار پھر بڑی کمی آئی ہے اور یہ13083 رہی ۔ جس کی وجہ سے ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سات لاکھ 33 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران14808 مریض صحتمند ہوئے ، جس سے شفایاب مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ چار لاکھ نو ہزار 160 ہوچکی ہے۔ اسی عرصے کے دوران 137 مریضوں کی موت سے ملک میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 147 ہوگئی۔