ملک میں کورونا وائرس کی نئی ہیت کے 752 نئے کیس درج، 4امواتJN-1

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ایک دن میں کورونا وائرس انفیکشن کے 752 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں، جو کہ 21 مئی 2023 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ اْنہوں نے بتایا کہ ملک میں فعال کیسز بڑھ کر 3 ہزار 420 ہو گئے ہیں۔ وزارت نے بتایا کہ 24 گھنٹوں کے عرصے میں چار نئی اموات کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ 33 ہزار 332 ریکارڈ ہو گئی ہے۔ آج مرنے والوں میں کیرالہ سے 2جبکہ راجستھان اور کرناٹک سے ایک ایک مریض شامل تھا۔ ملک میں کووڈ کیسز کی تعداد 4.50 کروڑ (4,50,07,964) رہی۔ وزارت صحت کی ویب سائٹ کے مطابق، اس بیماری سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 4,44,71,212 ہو گئی ہے اور قومی صحت یابی کی شرح 98.81 فیصد ہے جبکہ اموات کی شرح 1.19 فیصد ہے۔ وزارت کی ویب سائٹ نے بتایا کہ ملک میں اب تک کووڈ ویکسین کی 220.67 کروڑ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔