ملک میں مسلسل چھٹے روزبھی3لاکھ سے زائد معاملات

 نئی دہلی// ملک میں جان لیوا اور مہلک ترین عالمی وبا کا قہر جاری ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لگاتار چھٹے روز بھی 3.23 لاکھ سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے  ، حالانکہ یہ راحت کی بات ہے کہ مسلسل تیسرے دن مزید دو لاکھ سے زائد مریضوں نے اس وبا کو مات دی ہے۔دریں اثنا ملک میں منگل کی صبح تک 14 کروڑ 52 لاکھ 71 ہزار 186 افراد کو کورونا ویکسین دیئے جاچکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 3 لاکھ،23 ہزار،144 نئے کیسز کی رپورٹ کے ساتھ ملک میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ، 76 لاکھ 36 ہزار 307 ہوگئی ہے۔ اس مدت کے دوران 2 لاکھ،51 ہزار،827 مریض صحت مند ہوئے جس سے اب تک ایک کروڑ 46 لاکھ 56 ہزار 209 افراد نے کورونا کو شکست دی ہے۔ ایکٹیو کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافے کی وجہ سے اس کی تعداد بڑھ کر 28 لاکھ،82 ہزار،204 ہوگئی ہے ، 2771 مزید مریضوں کی ہلاکت کے ساتھ اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1 لاکھ،97 ہزار،894 ہوگئی ہے۔ملک میں کورونا سے شفایابی کی شرح گھٹ کر 82.54 فیصد ،ایکٹیو کیسز کی شرح 16.34 فیصد جبکہ اموات کی شرح 1.12 فیصد ہوگئی ہے۔دریں اثناء ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جہاں کورونا وائرس کے انفیکشن کے فعال معاملوں میں کمی واقع ہوئی ہے وہیں باقی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے معاملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ مہاراشٹر میں کورونا کے ایکٹو کیسز میں 23،560 کی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ کرناٹک اور کیرالہ کی جنوبی ریاستوں میں بالترتیب 18،880 اور 13،919 کا اضافہ ہوا ہے۔جن چھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں کورونا کے سرگرم معاملے میں کمی آئی ہے ان میں مہاراشٹر ، دہلی ، چھتیس گڑھ ، انڈمان و نکوبار ، لداخ اور سکم شامل ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 23،560 فعال معاملے میں کمی کے بعد کیسوں کی مجموعی تعداد 6،76،647 ہوگئی ہے۔