ملک میں مثبت کیسوں میں کمی

نئی دہلی// گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کی شدت میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے۔چند روز قبل ملک میں 4لاکھ دو ہزار کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد معاملات کم ہوتے گئے۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ساڑے تین لاکھ سے زائد نئے کیسز سامنے آئے اور 3449 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ملک میں کورونا کے قہرکے درمیان وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 3.20 لاکھ مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ پیر کے روز 17 لاکھ 08 ہزار 390 افراد کو کوروناکے ٹیکے لگائے گئے۔ ملک میں اب تک 15 کروڑ 89 لاکھ 32 ہزار 921 افراد کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 3 لاکھ،57 ہزار،229 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 02 لاکھ 82 ہزار 833 ہوگئی ہے۔ ایکٹو کیسز 34،47،133 ہو گئے ہیں۔ وہیںریکارڈ 3،20،289 مریضوں کے صحتیاب ہونے سے اب تک کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد1،66،13،292 ہو گئی ہے ، جبکہ اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2،22،408 ہوگئی ہے۔ملک میں شفا یابی کی شرح کم ہو کر 81.91 فیصد اور ایکٹو کیسز کی شرح بڑھ کر 17.00 فیصد ہوگئی ہے ، جبکہ شرح اموات کم ہوکر 1.10 فیصد ہوگئی ہے۔