ملک میں دو مختلف نظریات کے درمیان جنگ :راہل گاندھی

عظمیٰ نیوز ڈیسک

کولہا پور// کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز مہاراشٹر کے کولہا پور میں چھترپتی شواجی مہاراج کی مورتی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)پر سخت تنقید کی اور ان کی حکمت عملی اور نظریے کو ہدف تنقید بنایا۔راہل گاندھی نے اپنی تقریر میں کہا کہ بی جے پی نے شواجی مہاراج کی مورتی تو بنائی لیکن کچھ ہی دنوں میں وہ مورتی ٹوٹ کر گر گئی۔ انہوں نے اس واقعے کو ایک علامتی پیغام قرار دیا اور کہا کہ شواجی مہاراج کی مورتی بنانے کا مطلب صرف مجسمہ سازی نہیں ہے، بلکہ ان کی سوچ اور نظریے کی حفاظت بھی کرنی پڑے گی۔راہل گاندھی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ بی جے پی کے لیڈر شواجی مہاراج کی مورتی کے سامنے ہاتھ جوڑ کر احترام کا مظاہرہ تو کرتے ہیں لیکن عملی طور پر ان کی سوچ کے خلاف کام کرتے ہیں۔ گاندھی کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں آج دو مختلف نظریات کے درمیان ایک بڑی جنگ چل رہی ہے۔ ایک طرف وہ نظریہ ہے جو آئین کی حفاظت کرتا ہے، برابری اور اتحاد کی بات کرتا ہے اور یہ شواجی مہاراج کا نظریہ ہے۔