نئی دہلی//مرکزی وزارت صحت نے ملک بھرمیں 170اضلاع کو ’’کووڈ 19 ہاٹ سپاٹ‘ قراردیاہے ،جن میںجموں و کشمیرکے8اضلاع شامل ہیں جبکہ کم کووڈ19کیس والے اضلاع کو’نان ہاٹ سپاٹ‘اورکوئی کیس نہ ہونے والے اضلاع کو’گرین زون ‘قراردیاجارہاہے ۔وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ایسے 325اضلاع ہیں جہاں کوئی کورونا کیس نہیں ہے۔روزانہ پریس بریفنگ کے دوران مرکزی وزارت صحت نے ان اضلاع کی نشاندہی ایک ایسے وقت کی ہے جب20اپریل سے ہاٹ سپاٹ علاقوں کو چھوڑ کر جاری لاک ڈائون میں کچھ نرمی لائی جارہی ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے 170 اضلاع کی کووڈ۔ 19 ہاٹ سپاٹ اور 207 اضلاع کی’ نان ہاٹ سپاٹ‘ کے طور پر نشاندہی کی ہے۔ان 170اضلاع میںوادی کے 5جبکہ جموں کے 3اضلاع شامل ہیں۔وادی کشمیر سے جو اضلاع کورونا وائرس ہاٹ سپاٹ قرار دیئے گئے ہیں ان میں سرینگر،بارہمولہ،بانڈی پورہ ،کپوارہ اور شوپیان جبکہ جموں صوبے کے راجوری، اْدھمپور اور جموں اضلاع شامل ہیں۔ جوائنٹ سکریٹری لائواگروال نے کوروناوائرس کی قومی سطح پر صورتحال کے بارے میں کہا کہ ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ اضلاع کی زمرہ بندی کریں جہاں زیادہ تعداد میں کورونا کے کیس پائے گئے ہیں۔ ایسے اضلاع کو ’ہاٹ سپاٹ‘قرار دیا جائے اور کم کیسوں والے اضلاع کو’ نان ہاٹ سپاٹ‘ قرار دیا جائے جبکہ کوئی بھی کیس نہ پائے جانے پر متعلقہ علاقہ کو ’گرین زون‘ کے زمرہ میں رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے 20 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن میںبعض شعبوں کیلئے نرمی کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں کوورونا کے کیس سامنے آئے ہیں وہاں مزید سخت بندشیں عائد کر کے وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکتا ہے۔انکا کہنا تھا کہ امریکہ میں3روز کے دوران مریضوں کی تعداد میں دوگنا اضافہہوجاتا ہے ۔ اٹلی میں ایک یا دو دن میں دوگنا اضافہ ہوا جبکہ بھارت میں 6روز کے دوران دوگناہ اضافہ ہورہا ہے ۔انکا کہنا تھا کہ اس کا مطلب ہے کہ بھارت میں مریضوں کی تعداد میں آہستہ اضافہ ہورہا ہے جو اچھی بات ہے۔
ملک بھر میں 170مقامات کورونا ہاٹ سپاٹ قرار
