ملکی سالمیت کیلئے ہر ممکن اقدام ہوگا :صدر ہند

سرینگر// صدر ہندرام ناتھ کوند نے بیرون ملک کروشیا کے دورے کے دوران اس بات کا اظہار کیا ہے کہ بھارت اپنی ملکی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کی خاطر ہر ضروری اقدام کو اُٹھانے سے ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ امن اور سلامتی ایسے ایشوز ہیں جو لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے لازمی ہے۔انہوں نے کروشیا کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس ملک نے پامردی اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ رام ناتھ کووند نے بتایا کہ اقوام عالم کو اُن ممالک کے خلاف ٹھوس کارروائی کرنی چاہیے جو اپنی سرزمین پر دہشت گردی کی حمایت اور اس کو ٹھکانہ فراہم کررہے ہیں۔واضح رہے صدر رام ناتھ کووند ان باتوں کااظہار کروشیا کے دورے کے دوران کیا۔صدر رام ناتھ کوند بھارت کے ایسے پہلے عہدیدار ہیں جنہوں نے کروشیا کا دورہ کیا ۔ موصوف یہاں سوموار کو اپنی بیگم کے ہمراہ پہنچ گئے۔دورے کے دوران انہوں نے کروشیا کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔یہاں ایک تقریب پر بولتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جہاں تک بھارت کا تعلق ہے ہم نے یہ بات کئی مرتبہ دہرائی ہے کہ بھارت اپنی ملکی سلامتی اور سالمیت کے تحفظ کی خاطر ہر وہ ضروری اقدام اُٹھائے گا جو اس کے لیے شایان شان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم ملکی سلامتی اور اس کے تحفظ کی خاطر جو بھی قدم اُٹھائیں گے اس کا مقصدعوام کی بہتری ہے۔انہوں نے اس موقعے پر بیرون ملک رہائش پذیر بھارتیوں کو بھارت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ممالک رہائش پذیر لوگ اپنے سرمائے کو بھارت میں بروئے کار لائیں تاکہ وہ بھی تبدیلی کی جانب جانے والی منزل کا حصہ بن جائیں۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی معیشت دور جدید میں عالمی سطح پر ایک اہم مقام رکھتی ہے۔ یہ گلوبل سطح پر تیزی کے ساتھ آگے بڑھنے والی معیشت ہے، لہٰذا میں تمام بھارتیوں جو بیرون ملک رہائش پذیر ہیں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔صدر کوند نے مزید کہا کہ گلوبل سطح کے چلینجز کا مقابلہ کرنے والے ممالک کے ساتھ ہم شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم اُن ممالک کی طرف اپنا دوستی کا ہاتھ آگے بڑھارہے ہیں۔