ملواڑون آتشزدگی سانحہ پرخطہ چناب میں سوگواریت کی لہر | متاثرین کیلئے امدادی مہم شروع ڈوڈہ ضلع کے کونے کونے میں آتشزدگان کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم جاری

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ضلع کشتواڑ کے واڑون ملوارن گاؤں میں آتشزدگی کی بھیانک واردات میں 70سے زائد رہائشی مکانات و مسجد خاکستر ہونے پر کئی سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے. متاثرین کی امداد کیلئے ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے کونہ کونہ میں غیر سرکاری تنظیموں و سیول سوسائٹی کی جانب سے نقدی رقم و ضروری سامان جمع کیا جارہا ہے اور عوامی سطح پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جارہا ہے۔کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں ابابیل کے رضاکار، انجمن اسلامیہ بھدرواہ ،نیلی بھلیسہ ،غنیہ العلوم چرٹیبل ٹرسٹ اخیار پور ،عمر ایجوکیشنل و ویلفیئر ٹرسٹ بھلیسہ، ایجوکیشنل اینوائرمنٹل سوشل سپورٹس و کلچرل سوسائٹی بھلیسہ، شائنگ ٹرسٹ کے دیگر رضاکار تنظیمیں و سیول سوسائٹی نے الگ الگ متاثرین کی امداد کے چندہ مہم شروع کی ہے اور ہر طبقہ فکر کے لوگوں سے اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔ابابیل نامی ایک رضاکار تنظیم کے اہم رکن ایڈووکیٹ بابر نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی امداد کے لئے آگے آئیں۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما قریب ہے اور بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ ان کی رہائش کا بھی بندوبست کرنا لازمی ہے۔ادھر نومنتخب ایم ایل اے ڈوڈہ معراج ملک، ایم ایل اے اندروال پیارے لال شرما سابق وزیر عبدالمجيد وانی، خالد نجیب سہروردی، سجاد احمد کچلو نے بھی حکام سے متاثرین کی امداد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف و راحت پہنچانے کی مانگ کی ہے۔