ملازمین کے مطالبات، متعدد احتجاجی دھرنے

 سرینگر//محکمہ تعلیم کو اراضی وقف کر نے کے بعد اسکولوں میں تعینات کے گئے’ کنٹجنٹ پیڈ ورکروں‘نے پریس کالونی میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر عید الاضحی سے قبل ان کے مطالبات حل نہیں کئے گئے تو وہ ان اسکولوں پر تالا چڑھائیں گے جن اسکولوں کو انہوںنے زمین دی ہے ۔ کئی برسوں سے کم اجرت پر ایسے لوگ جن کو اراضی وقف کرنے کے بعد محکمہ تعلیم میں کنٹجنٹ پیڈ ورکر وں کے تحت صفائی کرمچاری،چوکیدار اور باورچی کے طور تعینات کیا گیا،نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اگر عید الاضحی سے پہلے حکومت نے مطالبات پورے نہیں کئے تو وہ اسکولوں پر تالا چڑھائیں گے۔اس دوران محکمہ خاندانی بہبود کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف سوموار کوپریس کالونی برستی بارشوں کے دوران احتجاجی مظاہرے کئے۔مظاہرین نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ عید سے قبل ہی ان کی واجب الادا تنخواہیں واگذار کی جائیںاور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو 16اگست سے بڑے پیمانے پر ایجی ٹیشن شروع کی جائے گی۔احتجاجی مظاہرے میں خواتین مظاہرین کی تعداد زیادہ نے پریس کالونی تک مارچ کیااور دھرنا دیا۔
 

 وائلڈ لائف ملازمین کا عارضی ملازمین کی مستقلی کا مطالبہ

احمد گلزار 
 
سرینگر//محکمہ وائلڈ لائف کے عارضی ملازمین کی مستقلی ، انکی تنخواہوں واگزار کرنے اور محکمہ جنگلات سے وائلڈ لائف میں لائے گئے رینجرافسران کو واپس کرنے کے مطالبے کو لیکر محکمہ وائلڈ لائف کے ملازمین نے سوموار کو چیف وارڈن کے دفتر کے سامنے احتجاج کیااور دھمکی دی کہ اگر فی الفور ان کے مطالبات حل نہیں کئے گئے تو 18اگست سے وائلڈ لائف ملازمین غیر معینہ ہڑتال شروع کریں گے ۔ وائلڈ لائف ایمپلائز اینڈ ورکرس یونین کے صدر طارق احمد صوفی نے سرکار پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطالبات کو سرد خانے کی نذر کیا گیا اور ملازمین کو سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے۔