ملازمین کی ملازمت سے متعلق امور کو حل کرنے کیلئے کوششیں جاری:شرما

جموں//گورنر کے صلاح کار کیول کمار شرما نے کہا ہے کہ ایمپلائز سروس گریوینس کمیٹی کی طرف سے ملازمین کی ملازمت سے متعلق اُبھارے گئے معاملات کو حل کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیںتاکہ انسانی وسائل کا بہتر استعمال کیا جاسکے۔صلاح کار نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اِن باتوں کا اِظہار کیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گورنر کی طرف سے ملازمین کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ کمیٹی کے ممبران گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولہ ، پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی روہت کنسل اور مختلف محکمہ جات کے نمائندوں نے میٹنگ میں شرکت کی۔صلاح کار نے ملازمین کے معاملات کے ازالے کے لئے جاری کی گئی ہدایات پر پیش رفت کا جائزہ لیا ۔اُنہوں نے کہا کہ مذکورہ کمیٹی کو ملازمین کے معاملات کا جائزہ لینے اور ان کے ازالے کے لئے حقیقی اور قابل عمل کارروائی تجویزکرنے کا مجاز بنایا گیا ہے ۔صلاح کار نے افسران کو ملازمین کے معاملات کا جائزہ لینے اور سفارشات بھیجنے سے قبل تمام متعلقہ امور کا بغور جائزہ لینے کی ہدایت دی۔واضح رہے کہ مذکورہ کمیٹی کی گزشتہ میٹنگ میں 300سرکاری ملازمین اور 34 وفود نے اپنے معاملات سامنے رکھے تھے۔میٹنگ میں ملازمین کی ملازمت سے متعلق 412 نئے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ گزشتہ دو میٹنگوں میں اُبھارے گئے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔