جموں //خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ ملازمین کی بہبودی اور مجموعی ترقی حکومت کی ترجیح ہے۔محکمہ کے ملازمین کی ایسو سی ایشن کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران وزیر نے پیشہ وارانہ طرز قائم رکھنے پر محکمہ کے ملازمین کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملازمین کو درپیش چیلنجوں سے باخبر ہے اور ملازمین کو معقول انداز میں معاوضہ دیا جائے گا۔ملازمین ایسو سی ایشن کے نمائندوں کی جانب سے اٹھائے گئے معاملات کے ردعمل میں وزیر موصوف نے کہا کہ محکمہ کی ترتیب نو اس کی اور اس کی ملازمین کےلئے اہم ہے۔محکمہ خوراک کے سپیشل سیکرٹری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ کمیٹی ان تمام معاملات کا جائزہ لے کر اگلے دو ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔وزیر نے کہا کہ اس رپورٹ کو مالی منظوری کے لئے فائنانس محکمہ کو بھیجا جائے گا۔ محکمہ کی نمائندگی کر رہے فٹ بال کھلاڑیوںکی باقاعدگی کے لئے وزیر نے کہا کہ وہ اس سلسلے میںخود بھی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ ٹیم کو اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حکومت ریاست میں کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔وزیر نے لیتہ پورہ سٹور میںاس اناج کے بارے میں ایک رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی جو ستمبر 2014 کے سیلاب میں تباہ ہوا تھا۔ میٹنگ میں محکمہ کے سیکرٹری شفیق رینہ ، سپیشل سیکرٹری نثار احمد وانی ، ناظم جموں جی ایس چِب ، ناظم کشمیر تصدق جیلانی ، محکمہ کے ملازمین کی ایسو سی ایشن کے چیئرمین فاروق احمد میر ، صدر کشمیر اعجاز احمد خان اور دیگرنمائندے بھی موجود تھے۔