ملازمین کی غیر حاضری کا شاخسانہ

منڈی//نائب تحصیلدار منڈی محمد طیب نے جمعرات کو منڈی میں واقعہ کوآپریٹیو سوسائٹی دفتر کا اچانک معائینہ کیا جہاں پر دفتر میں تعینات تمام ملازم کو ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے آفسر موصوف نے دفتر کو تالا بند کر کے ملازمین کے خلاف مزید کارروائی کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو تحریری طور پر لکھ دیا ۔ذرائع کے مطابق کوآپریٹیو سوسائٹی دفتر منڈی میں ملازم حاضر نہیں ہوتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے باوثوق ذرائع کے مطابق کوآپریٹیو سوسائٹی کا دفتر ہر روز صبح ایک نزدیکی دکاندار کھول دیتا ہے اور شام کو وہیدوکاندار اپنی دوکان بند کرنے کے بعد اس کوآپریٹیو سوسائٹی کے دفتر کو بھی بند کر دیتا ہے جس کے چلتے عوام کی شکایات پر نائب تحصیلدار منڈی نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے دفتر کا اچانک معائینہ کیا اور ملازمین غیر حاضر ہونے پر انہوں نے دفتر کو تالابند کر کے متعلقہ ملازمین کے خلاف ضلع ترقیاتی کمشنر کو رپوٹ جمع کر دی ہے ۔نائب تحصیلدار منڈی نے اس حوالے سے کشمیر عظمی کو بتایا کہ انہوں نے متعلقہ دفتر کا معائینہ کیا اور وہاں پر کوئی بھی ملازم حاضر نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو رپوٹ جمع کر دی ہے اور متعلقہ ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دفتر کو بھی تالا بند کر دیا ہے۔