ملازمین کی جبری سبکدوشی بلاجواز:ای جے سی سی

 سرینگر//مختلف ملازم انجمنوں کے مشترکہ پلیٹ فارم ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹوکمیٹی EJCCنے ملازم فورموں کی جانب سے سرکاری آرڈر325کی عمل آوری کیخلاف 31،اکتوبر کوپُرامن احتجاج کرنے کے اعلان کی حمایت کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے تمام ملازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ مجوزہ کال پرلبیک کہتے ہوئے سنیچر کے روز آوازبلند کریں ۔جے کے این ایس نے میڈیا کیلئے جاری بیان کے حوالے سے کہاکہ ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹوکمیٹی کے سینئرلیڈروں اورذمہ داروں کی ایک میٹنگ کمیٹی کے چیئرمین اعجاز احمدخان کی صدارت میں منعقد ہوئی۔  EJCCکے اجلاس میں سرکار کی جانب سے آرڈرنمبر325کے تحت48سال کی عمراور22سال کی سروس مکمل کرنے والے ملازمین کوملازمت سے سبکدوش کئے جانے کی نئی پالیسی پرغوروخوض کیاگیا۔ملازم لیڈروں نے اجلاس کے دوران سرکار کے مذکورہ اقدام پراپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے خبردارکیاکہ اس قسم کے یکطرفہ اوربلاجواز اقدامات سے لاکھوں ملازمین بلاوجہ تذبذب اوراضطراب کا شکار ہوئے ہیں ،اسلئے سرکار کواپنے اس اقدام پرنظرثانی کرنی چاہئے ۔اجلاس میں EJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے واضح کیاکہ ملازمین اورٹریڈیونین لیڈرآرڈرنمبر325کیخلاف نہیں ہیں بلکہ اُن میں کی گئی ترامیم کے مخالف ہیں ،جن کے ذریعے بیوروکریٹوں اوردیگراعلیٰ حکام کوسرکاری ملازمین کی قضاوقدر کامالک اوربے تاج بادشاہ بنایاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ آرڈر جموں وکشمیر میں پچھلی کئی دہائیوں سے نافذالعمل ہے ۔لیکن اب اس میں کچھ ایسی ترامیم کی گئی ہیں ،جن کی وجہ سے بیوروکریٹ پسند یاناپسند کی بنیاد پرکسی بھی ملازم کوملازمت سے محروم کرسکتے ہیں ۔سینئرٹریڈیونین لیڈر اعجازاحمدخان کاکہناتھاکہ ہم اس آرڈرمیں کی گئی اُن ترامیم کی واپسی کامطالبہ کرتے ہیں ،جن کی وجہ سے کسی بھی بہانے جائز یاناجائز طورپرملازمت سے محروم کئے جانے والے ملازمین کوعدالت سے رجوع کرنے کاحق حاصل نہیں ہے جبکہ اس آرڈر کے تحت ملازمین اپنی برطرفی کیخلاف عدالت جانے کاحق رکھتے تھے ۔انہوں نے کہاکہ ترامیم نے بیوروکریٹوں کومالک کل بنادیا ہے اوراب ملازمین کیلئے یہی بیوروکریٹ جج اورمنصف ہوںگے ۔اعجاز احمدخان نے کہاکہ ہم سرکاری محکموں بشمول دفاتر میں ورک کلچر کوبہتر بنانے یاکورپشن کاخاتمہ کرنے کیخلاف نہیں ہیں لیکن ہم اُن ترامیم کیخلاف آوازاُٹھانے کاجمہوری حق رکھتے ہیں ،جن کی وجہ سے اعلیٰ حکام ناپسند کی بنیادپرکسی بھی ملازم کوسرکاری ملازمت سے محروم کرسکتے ہیں ۔بیان کے مطابق ای جے سی سی کی میٹنگ میں ملازم فورموں کی جانب سے سرکاری آرڈر325میں کی گئی ترامیم کیخلاف 31،اکتوبر کوپُرامن احتجاج کرنے کے فیصلے اوراعلان کی حمایت کرتے ہوئے تمام سرکاری ملازمین پرزوردیاگیاکہ وہ یکطرفہ ترامیم اورملازم کش اقدام کیخلاف سنیچر کوہونے والے پُرامن احتجاج میں شرکت کریں۔