ملازمین کو17مارچ تک جائیداد گوشوارے جمع کرنے کی ہدایت

بلال فرقانی

سرینگر// حکومت نے جموں کشمیر میں سرکاری ملازمین کی جانب سے جائیدادوں کے سالانہ گوشورے جمع کرنے کی تاریخ میں آخری بار توسیع کرتے ہوئے تاکید ہے کہ اگر ملازمین17مارچ تک آن لائن طریقے سے گوشورے جمع کرنے میں ناکام ہوئے تو ان کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سرکاری ملازمین کومحکمہ عمومی کی جانب سے گزشتہ برس21دسمبر کو جاری سرکیولر میں یکم جنوری سے31 جنوری2024تک’پی آر ایس پورٹل‘ پر آن لائن طریقہ پر اپنی اجائیدادوں کے سالانہ گوشورے جمع کرنے کی ہدایت دی گئی تھی تاہم ملازمین انجمنوں کی طرف سے اپیل اور بیشتر ملازمین کے گوشورے جمع کرنے میں ناکامی کے بعد13فروری سے27فروری تک توسیع دی گئی۔ تاہم یہ دیکھا گیا ہے کہ کافی ملازمین توسیع شدہ ٹائم لائن کے اندر اپنی جائیداد کے گوشوارے جمع کرانے میں ناکام رہے ہیں ۔محکمہ عمومی انتظامی کا کہنا ہے کہ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ مختلف ملازمین نے پورٹل پر خود کو رجسٹرڈ کرایا ہے لیکن اپنی جائیداد کے گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں اور اس طرح وہ بھی اپنی تفصیلات جمع کرانے میں کوتاہی کا باعث بنے۔حکومت نے اب اس سلسلے میں17مارچ کو ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔تکنیکی مدد کی صورت میں ملازمین اپنے خدشات کو [email protected] پر بھیج سکتے ہیں تاکہ جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے ۔ سرکار نے تمام کنٹرولنگ افسراں،رقومات واگزار و تقسیم کرنے والے افسراں کو مزید حکم دیا ہے کہ وہ محکمہ کے تمام نادہندہ ملازمین کی طرف سے جائیداد گوشوارے جمع کرنے کے سلسلے میں تعمیل کو یقینی بنائیں جبکہ انتظامی محکمے اس سلسلے میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گے۔