ملازمین پر جائیداد کی تفصیلات پیش کرنا واجب

 سرینگر// ملازمین کی طرف سے متعلقہ حکام کے پاس سالانہ بنیادوں پر جائیداد کی مطلوبہ تفصیلات پیش کرنے میں آنا کانی کے مشاہدات کے بعد سرکار نے تمام کنٹرولنگ افسران کو سخت ہدایت دی ہے کہ اپنے ماتحت افسران اور ملازمین کو مقرہ وقت کے اندر تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دیں،بصورت دیگر انکی سالانہ کارکرگی کی رپورٹوں میں اس کوتاہی کو ظاہر کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور ملازمین کی طرف سے سالانہ جائیداد سے متعلق رپورٹوں کی عدم پیشگی کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے،جبکہ وہ ملازمین اور افسران سرکاری احکامات کے پابند ہیں کہ وہ جائیدادسے متعلق سالانہ رپورٹ پیش کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں سرکار نے ایک سرکیولر جاری کرتے ہوئے تمام کنٹرولنگ افسران کو سخت ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے ماتحت افسران اور ملازمین کو مقرہ وقت کے اندر تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دیں۔سرکیولر میں کہا گیا ہے’’اس بات کی وضاحت کی جاتی ہے کہ جموں کشمیرپبلک مین اینڈ پبلک سرونٹ ڈیکلریشن آف اسیٹس اینڈ اتھر پرویشنز ایکٹ1983 کے دفعہ9شق اورجموں کشمیرپبلک مین اینڈ پبلک سرونٹ ڈیکلریشن آف اسیٹس اینڈ اتھر پرویشنز رول1998کی شق(iii) رول 2بشمول ایس آر ائو415of 2003محرر11دسمبر2013کے تحت واضح کیا گیا ہے کہ ہر ایک ملازم کو اس کے یا اس کے اہل خانہ کے پاس پا موجود جائیداد سے متعلق سالانہ جائیداد ریٹرن بیانیہ ہر سال جنوری میں پیش کرنا لازمی ہے،اور اضافہ کی صورت میں اس کی وجوہات بیان کرنا بھی ضروری ہے۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ سرکیولر کو تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو روانہ کیا گیا ہے۔